بجلی کا بدترین بحران ،بد انتظامی ،جماعت اسلامی کا کے الیکٹرک کیخلاف مقدمہ دائر کرنے کا فیصلہ

معاہد ہ نج کاری کی تجدید ہر گز نہ کی جائے بلکہ جر مانہ عائد کیا جائے،حافظ نعیم الرحمن کا ہنگامی اجلاس سے خطاب

پیر 22 جون 2015 22:10

بجلی کا بدترین بحران ،بد انتظامی ،جماعت اسلامی کا کے الیکٹرک کیخلاف ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 جون۔2015ء) کراچی میں بجلی کے بدترین بحران اور شدید بد انتظامی کے باعث شہر میں پیدا ہو نے والی صورتحال پر ادارہ نورِ حق میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیرِ صدارت ایک ہنگامی اجلا س منعقد ہو ا۔اجلا س میں فیصلہ کیا گیا کہ بجلی کے بدترین بحران اور بد انتظامی پر جماعت اسلامی کراچی کے الیکٹرک کے خلاف مقدمہ دائر کرے گی ۔

اجلاس میں کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی کی شدید مذمت کر تے ہو ئے اس امر کا اظہار کیا ہے کہ کے الیکٹرک کراچی کے عوام کو بجلی کی فراہمی میں مکمل طور نا کام ہو گئی ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کے الیکٹرک نے معاہدہ نج کاری کی پاسداری نہیں کی ۔معاہدہ نج کاری کے تحت بجلی کی پیدا واری صلاحیت میں اضافہ کیا جا نا تھا مگر 10سال کا عرصہ گزر گیا اور بجلی کی پیداوار میں اضافہ نہیں کیا گیا ۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک کے معاہدہ نج کاری کی تجدید ہر گز نہ کی جائے ۔معاہدہ نج کاری کی خلاف ورزی کر نے اور عوام کو عذاب میں مبتلا کر نے پر کے الیکٹرک پر جرمانہ عائد کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ یہ کیسا ادارہ ہے کہ 10سال کا عرصہ گز ر گیا اور اس ادارے کی گنجائش اور پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہو ا اور درجہ حرارت جب 35ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر ہو جائے تو سارا نظام درہم برہم ہو جاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک نے عوام کو دہرے عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے ایک طرف بجلی نہیں ہے اور دوسری جانب اوور بلنگ کے ذریعے شہریوں سے اربوں روپے وصول کیے جارہے ہیں ۔جبکہ دوسری طرف سیاسی جماعتوں کے دہشت گردوں پر مشتمل ریکوری افسران کے ذریعے عوام کو پریشان کیا جارہا ہے اور خوف و دہشت میں مبتلا کر رکھا ہے ۔کے الیکٹرک نے رمضان المبارک کے مہینے میں بھی اپنی کارکردگی کو بہتر نہیں بنا یا ۔

کراچی میں رمضان المبارک کے مہینے میں اور سخت گرمی کے دوران ڈھائی سو سے زائد افراد کی ہلاکتوں کی ذمہ دار ی کے الیکٹرک پر بھی عائد ہو تی ہے ۔بجلی کی عدم فراہمی اور مسلسل بندش کے خلاف عوام سڑ کوں پر نکلنے پر مجبور ہو گئے ہیں اور جگہ جگہ کے الیکٹرک کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کے الیکٹرک کے خلاف وفاقی وزیر عابد شیر علی خان کے ریمارکس درست اور حقیقت پر مبنی ہیں ۔

کے الیکٹرک کو صرف اپنے منافع سے غرض رہی ہے ۔شہریوں کے مسائل و پریشانیوں اور ضروریات پر بھی اس نے کو ئی توجہ نہیں دی ۔اطلاعات کے مطابق صرف اوور بلنگ کی مد میں کے الیکٹرک ماہانہ 5ارب روپے وصول کر تی ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کے الیکٹرک نے صرف اپنے منافع اور کمائی کو بڑھانے کے لیے نئے پاور پلانٹ لگانے اور ضرورت کے مطابق بجلی پیدا کر نے کی کو ئی کوشش نہیں کی ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام بجلی کے جس بحران کا شکار ہیں اس کی ذمہ داری ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی پر بھی عائد ہو تی ہے کیو نکہ ان دونوں جماعتوں کی ملی بھگت سے ہی کے الیکٹرک کی نج کاری ممکن ہوئی اور دو نوں جماعت ہمیشہ سے کے الیکٹرک کی پشت پناہی کر تی رہی ہیں اور آج بھی کر رہی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :