اویس مظفر اپنے بڑے بھائی کی میت لانے کے بہانے لندن چلے گئے

مذکورہ میت کا اویس مظفر سے کوئی تعلق نہیں ،خاندانی ذرائع کا دعوی

پیر 22 جون 2015 20:55

اویس مظفر اپنے بڑے بھائی کی میت لانے کے بہانے لندن چلے گئے

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 جون۔2015ء) سابق وزیربلدیات اور آصف علی زرداری کے منہ بولے بھائی اویس مظفر اپنے بڑے بھائی کی میت لانے کے بہانے لندن چلے گئے جبکہ ان کے خاندانی ذرائع کا دعوی ہے کہ مذکورہ میت کا اویس مظفر سے کوئی تعلق نہیں ۔اویس مظفر کے خاندانی ذرائع نے بتایا کہ اویس مظفر کے دو سگے بھائی ہیں سب سے بڑے منظورمظفر جبکہ اویس مظفر سے چھوٹے کا نام راحیل مظفر ہے ،مذکورہ شخص جس کی میت لانے کے بہانے اویس مظفر لندن گئے وہ ان کے ایک قریبی دوست کا بڑا بھائی ہے ۔

ذرائع کے مطابق وہ دوست خود میت وصول کرنے لندن نہیں جا سکا تھا ۔یاد رہے کہ جمعہ کی شب11بجے سابق وزیربلدیات اور آصف علی زرداری کے منہ بولے بھائی اویس مظفر دبئی جانیوالی فلائٹ کے لئے جب کراچی ائیر پورٹ پہنچے اور انہوں نے اپنا پاسپورٹ اور دیگر کوائف امیگریشن کے کلیئر کاؤنٹر پر پیش کئے تو ایف آئی اے امیگریشن کے افسران نے ان کو روک لیا تھا جبکہ وہاں پر فوری طور پر حساس ادارے کی ٹیم بھی پہنچ گئی تھی جس کے بعد اویس مظفر کو علیحدہ کمرے میں لے جایا گیا جہاں ایف آئی اے اور حساس ادارے کی ٹیم نے آدھے گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تھی ۔

(جاری ہے)

یہ بھی معلوم ہو ا ہے کہ اویس مظفر کو ملک واپس آنے کی یقین دہانی اور ضمانت ملنے کے بعد بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی تھی `