فوج مخالف بیان بازی ، لاہور ہائیکورٹ نے آصف زرداری،بلاول بھٹو یوسف رضا گیلانی اور آصفہ بھٹو کیخلاف آئین کے آرٹیکل 6کے تحت کاروائی کیلئے دائر درخواست مسترد کردی

پیر 22 جون 2015 18:50

فوج مخالف بیان بازی ، لاہور ہائیکورٹ نے آصف زرداری،بلاول بھٹو یوسف ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 جون۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے فوج کے خلاف بیان بازی کرنے پر سابق صدر آصف علی زرداری،پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری،سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور آصفہ بھٹو کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6کے تحت کاروائی کرنے کے لئے دائر درخواست غیر موثر قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔ پیر کولاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجازالاحسن نے کیس کی سماعت کی۔

آل پاکستان مسلم لیگ(مشرف ) کے رہنما الیاس گجر کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سابق صدر آصف زرداری اور پیپلز پارٹی کی قیادت نے فوج مخالف بیان بازی کی جس سے آپریشن ’’ضرب عضب ‘‘متاثر ہو سکتا ہے۔ملک اس وقت حالت جنگ میں ہے اس قسم کے بیانات سے دہشت گردی کو تقویت مل سکتی ہے۔

(جاری ہے)

آصف زرداری کے بیانات ملکی سالمیت اور وقار کے منافی ہے۔

درخواست گزار نے مزید کہا کہ ملکی اہم عہدے پر فائز رہنے والوں اور پیپلز پارٹی کے اہم عہدیداروں کو اس قسم کے بیانات زیب نہیں دیتے لہٰذا عدالت سابق صدر آصف علی زرداری ،پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری،سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور آصفہ بھٹو کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6کے تحت کاروائی کا حکم دے۔عدالت نے درخواست غیر موثر قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔