پی پی 97 سے ہمارا امیدوار جیتا، پی ٹی آئی اور ق لیگ دعویدار

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 21 جون 2015 23:08

پی پی 97 سے ہمارا امیدوار جیتا، پی ٹی آئی اور ق لیگ دعویدار

گوجرانوالا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21جون۔2015ء)گوجرانوالا میں پی ٹی آئی کے امیدوار ناصر چیمہ کی جیت پر مسلم لیگ (ق) کہتی ہے کہ ناصر چیمہ سائیکل کے نشان پر الیکشن لڑے، جس نشان پر لڑے اسی کے ایم پی اے قرار پائیں گے جبکہ پی ٹی آئی کہتی ہے کہ سائیکل کا نشان ایک مجبوری تھا۔ وہ پی ٹی آئی میں شامل ہو چکے ہیں۔گوجرانوالا کے حلقہ پی پی 97 کے تینتیس حلقوں میں ری پولنگ کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ناصر چیمہ کامیاب قرار پائے ہیں۔

(جاری ہے)

دلچسپ صورتِ حال اس وقت سامنے آئی جب مسلم لیگ (ق) نے دعویٰ کر دیا کہ ناصر خان پی ٹی آئی کے امیدوار نہیں ہیں۔ انہوں نے سائیکل کے نشان پر الیکشن لڑا ہے۔ وہ جس پارٹی کے نشان پر لڑے ہیں اسی کے ممبر صوبائی اسمبلی قرار پائیں گے۔ (ق) لیگ کے حلقوں کا دعویٰ ہے کہ یہ فتح پی ٹی آئی کی نہیں بلکہ مسلم لیگ (ق) کی ہے۔ دوسری طرف پی ٹی آئی کا موقف ہے کہ ناصر چیمہ پی ٹی آئی میں شامل ہو چکے ہیں۔ وہ مجبوری کے باعث سائیکل کے نشان پر الیکشن لڑے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ایک کامیاب امیدوار پر دو پارٹیوں کے دعوے سے کوئی قانونی پیچیدگی پیدا ہو گی یا نہیں۔