پرویز اشرف ،زرداری کے بیان پر اعتراض کرنے والے پارٹی کے واحد لیڈر

سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس شروع ہوتے ہی راجہ پرویز اشرف نے یہ رائے دی کہ شریک چیئرمین یہ بیان نہیں دینا چاہیے تھا اعتراض پر آصف زرداری نے پرویز اشرف کو نظر انداز کردیا،سابق وزیراعظم راولپنڈی والوں سے مل کر آئے ہیں،پارٹی رہنما

جمعرات 18 جون 2015 21:22

پرویز اشرف ،زرداری کے بیان پر اعتراض کرنے والے پارٹی کے واحد لیڈر

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 جون۔2015ء) پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں آصف علی زرداری کے بیان پر اعتراض کرنے والے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف پارٹی کے واحد لیڈر تھے اور اس رائے کے اظہار کے بعد عینی شاہدین نے اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ آصف علی زرداری اجلاس کے خاتمے پر انہیں مسلسل نظر انداز کرتے رہے ۔ پارٹی کے دیگر رہنماؤں کو آصف علی زرداری ہاتھ پکڑ پکڑ کر کھانے کی میز پر لے جاتے رہے مگر راجہ پرویز اشرف حیرت زدہ نظروں سے اپنے قائد کی نظر انداز کرنے والی ادا کو دیکھتے رہے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اجلاس کے شروع ہوتے ہی راجہ پرویز اشرف نے یہ رائے دی تھی کہ شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو اس موقع پر یہ بیان نہیں دینا چاہیے تھا کیونکہ ملک میں اس وقت ہم آہنگی کی ضرورت ہے آصف علی زرداری نے اس رائے پر ردعمل دینے کی بجائے راجہ پرویز اشرف کو نظر انداز کرنا شروع کردیا ۔ واضح رہے کہ راجہ پرویز اشرف نے رضا کارانہ استعفیٰ کی پیشکش بھی کی تھی اور کھانے کے دوران کچھ رہنما یہ بھی کہتے ہوئے دیکھے گئے کہ راجہ پرویز اشرف سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں آنے سے پہلے راولپنڈی والوں سے مل کر آئے ہیں