Live Updates

ہماری کردار کشی بند نہ کی گئی تو سب کا کچھا چٹھا کھول دوں گا ٗ کھڑا ہوگیا تو کراچی سے خیبر تک سب بند ہوجائے گا ٗ آصف علی زر داری

سیاسی گیم دیکھ کر چال چلیں گے ٗجنہوں نے جیل کا گرم پانی نہیں پیا انہیں جمہوریت کی قدر نہیں ٗ ہم چاہتے ہیں جمہوریت چلے اور جڑیں مضبوط ہوں ٗ مشرف دور میں بھی جیل میں رہا ٗ خود کو بہادر کمانڈر صدر کہلانے والا تین ماہ بھی جیل میں رہنے کو تیار نہیں ٗ مجھے پتا ہے ملک کو کتنا خطرہ ہے مشرف کو نہیں پتا ٗ 2013 کے آر اوز الیکشن کے خلاف ہم بھی تحریک انصاف کے ساتھ استعفے دے دیتے تو اسی وقت الیکشن ہوجاتے ٗ سابق صدر کا پیپلز پارٹی کے عہدیداروں سے خطاب

منگل 16 جون 2015 21:50

ہماری کردار کشی بند نہ کی گئی تو سب کا کچھا چٹھا کھول دوں گا ٗ کھڑا ہوگیا ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 جون۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ ہماری کردار کشی بند نہ کی گئی تو سب کا کچھا چٹھا کھول دوں گا ٗ کھڑا ہوگیا تو کراچی سے خیبر تک سب بند ہوجائے گا جو کسی کے کہنے پر نہیں کھلے گا ٗکئی ماہ سے پیپلز پارٹی کی کردار کشی کی جارہی ہے ٗ سیاسی گیم دیکھ کر چال چلیں گے ٗجنہوں نے جیل کا گرم پانی نہیں پیا انہیں جمہوریت کی قدر نہیں ٗ ہم چاہتے ہیں جمہوریت چلے اور جڑیں مضبوط ہوں ٗ مشرف دور میں بھی جیل میں رہا ٗ خود کو بہادر کمانڈر صدر کہلانے والا تین ماہ بھی جیل میں رہنے کو تیار نہیں ٗ مجھے پتا ہے ملک کو کتنا خطرہ ہے مشرف کو نہیں پتا ٗ 2013 کے آر اوز الیکشن کے خلاف ہم بھی تحریک انصاف کے ساتھ استعفے دے دیتے تو اسی وقت الیکشن ہوجاتے۔

(جاری ہے)

منگل کوپیپلزپارٹی فاٹا کے عہدیداروں کی تقریب حلف برداری ہوئی جس پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری نے کہا کہ کئی ماہ سے پارٹی کی کردار کشی کی جارہی ہے تاہم یہ نہ سمجھا جائے کہ پیپلزپارٹی کمزور ہوگئی ہے در اصل ابھی باہر نکلنے کا وقت نہیں آیا ہم سیاسی گیم دیکھ کر ہی چال چلیں گے جبکہ ہماری کردار کشی بند نہ کی گئی تو سب کا کچھا چٹھا کھول دوں گا اور ہم کھڑے ہوئے تو کراچی سے خیبر تک سب کچھ بند ہوجائے گا جو کسی کے کہنے پر نہیں کھلے گا، ہمیں تنگ کرنے کی کوشش کی توآپ کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے آصف علی زر داری نے کہا کہ آپ نے تین سال رہنا ہے ہمیں ہمیشہ رہنا ہے پاکستان بننے سے اب تک ایسی فہرست جاری کریں گے کہ پورا ملک ہل جائیگا۔

آصف زرداری نے کہاکہ جنہوں نے جیل کا گرم پانی نہیں پیا انہیں جمہوریت کی قدر نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ جمہوریت چلے اور اس کی جڑیں مضبوط ہوں کیونکہ جمہوریت کی قدر انہیں ہے جنہوں نے گھر سے جنازے اٹھائے، میں مشرف دورمیں جیل میں رہا لیکن وہ خود کو بہادر کمانڈو صدر کہلانے والا 3 مہینے بھی جیل میں رہنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پتا ہے کہ ملک کو کتنا خطرہ ہے مشرف کو نہیں پتا، ہم نہیں چاہتے کہ ادارے کمزور ہوں، ہمیں پتا ہے کہ کتنے کیسز عدالت میں چل رہے ہیں، کچھ لوگ پاور پولیٹیکس کرنا چاہتے ہیں، انہیں کھیلنے دیا جائے اور پاور انجوائے کرنے دی جائے ٗیہ ملکی معیشت کو درست کریں تو سر آنکھوں پر ہوں گے۔

پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین نے کہا کہ پی پی ہلتی ہے تو سب ہل جاتے ہیں، ہم جس کو روک لیتے ہیں وہ رک جاتے ہیں،مجھے طاقت سے کوئی سروکار نہیں عوام کی خدمت سے ہے، ہم سیاست کو بدلیں گے کیونکہ کچھ سیاسی اداکار خود ارب پتی بن گئے اور اب وہ سیاست کو بدلنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا اور تمام پارٹیوں کو ساتھ رکھا لیکن کچھ لوگ میری مفاہمت کی سیاست کو میری غلطی سمجھتے ہیں ہمیں صدارات یا وزارت کا شوق ہوتا تو 2013 کے آر اوز الیکشن کے خلاف ہم بھی تحریک انصاف کے ساتھ استعفے دے دیتے تو اسی وقت الیکشن ہوجاتے لیکن میں (ن) کے ساتھ کھڑا رہا تا کہ کل کو وہ یہ نہ بولیں کہ ہمیں کام نہیں کرنے دیا 2 سال میں ہماری حکومت ختم کردی گئی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات