کندھکوٹ، قبائلی جرگے کی جانب سے ایک دس برس کے لڑکے کو ناجائز تعلقات رکھنے کا مجرم قرار دیدیا گیا،7 لاکھ روپے بطور جرمانہ کا حکم

منگل 16 جون 2015 12:38

کندھکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 جون۔2015ء)کندھکوٹ کے علاقے تنگوانی میں ایک قبائلی جرگے کی جانب سے ایک دس برس کے لڑکے کو ناجائز تعلقات رکھنے کا مجرم قرار دیا گیا ہے۔جرگے نے اس لڑکے کے اہل خانہ کو حکم دیا ہے کہ وہ مدعی فریق کو 7لاکھ روپے بطور جرمانہ ادا کرے۔تحصیل تنگوانی کے نزدیک واقع گاؤں نہال باکھرانی میں مقیم باکھرانی اور بنگلانی برادریوں کے درمیان دشمنی کے نتیجے میں یہ معاملہ سامنے آیا تھا۔

مدعی قبیلہ یہ معاملہ جرگے میں لے گیا۔

(جاری ہے)

یہ جرگہ گزشتہ روز ایک قبائلی رہنما جہانگیر بنگلانی کی سربراہی میں منعقد ہوا۔جہانگیر بنگلانی نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ دونوں فریقین کے دلائل سنے، اور ایک دس سالہ لڑکے تیمور بنگلانی کو باکھرانی قبیلے سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان کی لڑکی کے ساتھ ناجائز تعلقات رکھنے کا مجرم قرار دے دیا۔بنگلانی قبیلے کے اس خاندان کو حکم دیا کہ وہ7 لاکھ روپے بطور جرمانہ ادا کرے۔ مجرم کی طرف سے موقع پر50 ہزار ادا کیے گئے، اور بقایا رقم تین مہینے کے اندر اندر ادا کرنے کی مہلت لی گئی۔