خواجہ محمدآصف کا بیان،الطاف حسین کا ایک بار پھرپارٹی قیادت چھوڑنے کا اعلان

منگل 16 جون 2015 12:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 جون۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم )کے قائدالطاف حسین نے وزیردفاع خواجہ آصف کے قومی اسمبلی میں دیے گئے بیان پر برہم ہوگئے اور ایک بار پھر پارٹی قیادت چھوڑنے کا اعلان کیاہے۔الطاف حسین نے کہا کہ وفاقی وزیر خواجہ آصف نے یہ کہہ کر کہ اصل مہاجر جالندھر اور لدھیانا والے ہیں ۔ دوسروں کی قربانیوں پر خط تنسیخ کھینچ دیا ہے ۔

ہمارا مذاق اڑایا گیا اور اسمبلی تماشائی بنی رہی۔اب قیادت نہیں کر سکتا ۔نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے وفاقی وزیر خواجہ آصف کے ایک انٹرویو کا حوالہ دیا ۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے کہاکہ خواجہ آصف نے انٹریو میں کہاہے کہ اصل میں مہاجر وہ ہیں جنہوں نے جالندھر اور لدھیانا سے ہجرت کی۔ الطاف حسین نے کہاکہ تقسیم ہند کے وقت 20 لاکھ افراد نے پاکستان ہجرت کی جس میں ، مشرقی پنجاب کے علاوہ ، یوپی ، سی پی ، بہار ، حیدر آباد دکن ، علی گڑھ ، لکھنو، آگرہ کے افراد بھی شامل ہیں۔

خواجہ آصف کے بیان نے مسلم اقلیتی صوبوں کے مسلمانوں کی قربانیوں پر خط تنسیخ کھینچ دیا ہے۔ الطاف حسین نے کہاکہ انہوں نے 37 سال جدوجہد کرکے مسلم اقلیتی صوبوں سے ہجرت کرنے والوں کو متحد کرنے کی کوشش کی مگر اب بہت ہو چکا ،میں اب قیادت نہیں کر سکتا ۔