جاپان پاکستان میں تجارت کے نئے مواقع کا جائزہ لینے کے لیے تیار ہے؛جاپانی سفارتخانے کے فرسٹ سیکرٹری برائے اقتصادیات ہساشی سمورا

منگل 16 جون 2015 11:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 جون۔2015ء) جاپان پاکستان میں تجارت کے نئے مواقع کا جائزہ لینے کے لیے تیار ہے ۔تا ہم دونوں ممالک کی کاروباری برادری اور کمپنیوں معلومات کے بہتر تبادلے پر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس بڑی تجارتی استعداد سے باہمی طور پر مستفید ہوا جا سکے۔اس امر کا اظہار پاکستان میں جاپانی سفارتخانے کے فرسٹ سیکرٹری برائے اقتصادیات و ترقی ، ہساشی سمورا نے سفارتخانے کے دورے پر آئے ہوئے پاکستان کمپیوٹر ایسوسی ایشن (پی سی اے) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

پی سی اے کے بانی صدر منور اقبال کی سربراہی میں وفد نے ہساشی سمورا کو بتایا کہ پی سی اے پاکستان میں کمپیوٹر اور آئی ٹی کے کاروبار سے وابستہ افراد کا واحد نمائندہ اور واحد رجسٹرڈ ادارہ ہے۔

(جاری ہے)

منور اقبال نے اس موقع پر کہا کہ پی سی اے معلومات کی بہم رسانی خصوصاً دونوں ملکوں کی کاروباری برادری کو مارکیٹ کے حجم اور مقامی مارکیٹ کے بارے میں سروے مہیا کر سکتا ہے۔

پی سی اے کے صدر نے کہا کہ ایک ترقی یافتہ ملک کی حیثیت سے جاپان پاکستان میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی تیاری کے علاوہ کمپیوٹر ہارڈ وئیر مقامی طور پر جوڑنے کے پلانٹ لگانے میں مدد دے سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی سی اے پاکستان بھر میں وجود رکھتا ہے جس کے پاس بڑی تعداد میں فنی مہارت رکھنے والے افراد دستیاب ہیں۔اس طرح وہ کسی بھی ایسے اقدام میں بھر پور معاونت دے سکتا ہے جو بے روزگاری میں کمی لانے اور ملک کے نوجوانوں کی مالی مشکلات کم کرنے میں مدد دے سکے۔

ہساشی سمورا نے تمام تجاویز توجہ سے سننے کے بعد کہا کہ دو طرفہ طور پر تجارت کے فروغ اور تربیت یافتہ افرادی قوت کے حوالے سے مواقع تلاش کرنے کے لیے اس طرح کے روابط جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں امن تجارت کے فروغ کے لیے بہت ضروری ہے اور ہمیں توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں اس حوالے سے بہتر صورت حال دیکھنے میں آئے گی۔

متعلقہ عنوان :