ہمایوں سعید کی فلم”جوانی پھر نہیں آنی“ کی شوٹنگ مکمل کرلی گئی

منگل 16 جون 2015 11:25

ہمایوں سعید کی فلم”جوانی پھر نہیں آنی“ کی شوٹنگ مکمل کرلی گئی

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 جون۔2015ء)پروڈیوسر اور اداکار ہمایوں سعید کی عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی فلم ‘جوانی پھر نہیں آنی’ کی شوٹنگ مکمل کر لی گئی ہے۔فلم کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد پورے عملے سمیت اداکار ہمایوں سعید، حمزہ علی عباسی، احمد علی بٹ، واسع چوہدری، مہوش حیات، عائشہ خان، اور صروت گیلانی سمیت متعدد اداکاروں نے جشن منایا۔

ہمایوں سعید کا فلم کے حوالے سے کہنا تھا کہ شوٹنگ کے آخری روز کراچی میں شدید گرمی تھی مگر یہ باآسانی مکمل کر لی گئی۔انہوں نے بتایا کہ کراچی سے قبل انہوں نے فلم کو تھائی لینڈ میں شوٹ کیا جو کہ کافی خوشگوار تجربہ رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم کا پورا عملہ شوٹنگ سے کافی خوش ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ شائقین کو فلم کتنی پسند آتی ہے۔

(جاری ہے)

فلم کا ٹریلر ہولی وڈ کی فلم”ہینگ اوور“ سے کافی مشابہ ہے، اور ٹریلر سے ظاہر ہوتا ہے کہ فلم کے مرکزی کردار اپنی زندگی کے سب سے بہترین لمحات گزار رہے ہیں۔

یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل اداکار حمزہ علی عباسی نے پاکستان تحریک انصاف کے کلچرل سیکریٹری کی پوسٹ سے استعفی بھی دے دیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے فلم میں کچھ ایسا کیا ہے جو ان کے اپنے طے کردہ اصولوں نے ہٹ کر ہے جس کی وجہ سے وہ پارٹی کا مزید حصہ نہیں رہ سکتے۔