حکومتی ترجمان این جی اوزکے حوالے سے موقف سے امریکی دباؤ پر اس سے پیچھے ہٹتی نظر آرہی ہے

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کابیان

پیر 15 جون 2015 23:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سمیت حکومتی ترجمانوں نے این جی اوزکے حوالے سے جس واضح موقف کا اظہار کیا تھا حکومت امریکی دباؤ پر اس سے پیچھے ہٹتی نظر آرہی ہے ۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ وزیر داخلہ نے بیرونی این جی اوز کی پاکستان میں مشکوک سرگرمیوں ،تہذیب و تمدن اور ثقافت کو بدلنے اور مغربی رنگ میں رنگنے کی سازشوں کو بے نقاب کرنے کے بعد’’ سیودی چلڈرن‘‘پر پابندی لگائی تھی مگر امریکی دباؤ کے بعد یہ این جی او حکومت کے سامنے کھڑی ہوگئی جس کے بعد حکومت نے پسپائی اختیار کرتے ہوئے اس پر پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا ۔

انہوں نے کہا کہ جو بیرونی این جی اوزحکومتی اجازت اور مرضی سے پاکستان میں تعلیم اور صحت کی بہتری کیلئے خلوص دل سے کام کررہی ہیں وہ ہماری محسن ہیں اور انہیں ہم خوش آمدید کہتے ہیں مگر این جی اوز کے نام پر کام کرنے والی ایسی تخریب کار ایجنسیوں جن میں شکیل آفریدی جیسے ملک دشمن عناصر اور ایجنٹوں نے پناہ لے رکھی ہو اور جو ملک میں دہشت گردی اور تخریب کاری جیسے جرائم میں ملوث ہیں انہیں ملکی سلامتی اور استحکام سے کھیلنے کی کسی صورت بھی اجازت نہیں دی جاسکتی ،حکومت کو ان کی سرگرمیوں کا سختی سے نوٹس لینا ہوگا۔

(جاری ہے)

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اس وقت پاکستان عالمی سطح پر ایک نازک دورسے گزر رہا ہے ،بھارت آئے روز پاکستان کو دھمکیاں دے رہا ہے ،پاک چین اقتصادی راہداری بھارت کو ایک آنکھ نہیں بھاتی اور وہ ہر صورت اس منصوبے کو ناکام بنانا چاہتا ہے ،انہوں نے کہا کہ بھارتی ایجنڈا اب کسی سے مخفی نہیں ہے ،بھارتی وزیر خارجہ سمیت کئی حکومتی اہلکاروں کی طرف سے پاک چین کوریڈور کے خلاف بیانات سامنے آچکے ہیں ،ہم اس علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر آنکھیں بند نہیں کرسکتے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دولخت کرنے اور بنگلا دیش کے قیام میں بھی این جی اوز کا کردار کسی سے پوشیدہ نہیں ہے ،ایسٹ تیمور کی انڈونیشاء سے اور سوڈان سے جنوبی سوڈان کی علیحدگی میں بھی این جی اوز ہی کا ہاتھ تھا ،انہوں نے کہا کہ ہمیں اس پر پوری نظر رکھنا ہوگی اور اس سلسلے میں امریکہ سمیت کسی بھی عالمی قوت کا دباؤ قبول نہیں کرناچاہیے ۔سراج الحق نے کہا کہ این جی اوز کے ورکروں کو صرف انہی علاقوں میں کام کرنے کی اجازت ہونی چاہئے جہاں حکومت اور تعلیم و صحت کے اداروں کی طرف سے ضرورت محسوس کی جارہی ہو ،قبائلی ایریاز سمیت ایسے علاقے جو حساس ہوں اور جن میں فوج کام کررہی ہو وہاں این جی اوز کوکسی صورت بھی داخلے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔