مسلم لیگ کے زیر اہتمام لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو، ٹنڈوالہیارسکھر سمیت دیگر شہروں میں مظاہرے

بھارتی بیانات کی پرزور مذمت کرتے ہوئے مختلف اضلاع میں مودی کے پتلے نذرآتش

پیر 15 جون 2015 23:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کی ہدایت پر کراچی حیدرآباد کے بعد لاڑکانہ، جیکب آباد،دادو، سکھر اور ٹنڈوالہیار میں بھارتی جارحیت اور دھمکیوں کے خلاف ریلیاں اور مظاہرے جاری ، لاڑکانہ میں مسلم لیگ کے رہنما عابد میمن کی قیادت میں لیگی کارکنوں نے پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا ، جیکب آباد میں مسلم لیگ کے عہدیداران ذیشان پنہور،لکھمیر چاچڑکی قیادت میں پریس کلب کے باہر سینکڑوں مظاہرین نے انڈیا مخالف نعرے لگائے اور ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر سنگھ مودی کا پتلا نذرآتش کیا،دادو میں پریس کلب کے سامنے وہاں کے لیگی عہدیدار حیدرسیال نے اپنے بے شمار ساتھیوں کے ہمراہ زبردست مظاہرے میں مودی کا پتلا نذرآتش کیا اور پاکستان زندہ باد افواج پاکستان کی شاندار کامیابیوں کے حق میں نعرے لگائے گئے،سکھر میں آغا مولا بخش پٹھان کی قیادت میں قافلہ مختلف مقامات سے ہوتا ہو پریس کلب جاکر اختتام پزیر ہوا،اس کے علاوہ مسلم لیگ سندھ کے زیر اہتمام ٹنڈووالہیار پریس کلب کے سامنے مسلم لیگ لیڈیز ونگ کی سرگرم رہنما صدیقہ مظفر کی قیادت میں ٹنڈوالہیار پریس کلب کے باہر مودی کا پتلا بناکر اس کے گلے میں جوتوں کے ہار ڈالے گئے اور بعد ازاں مودی اور بھارتی وزیر دفاع منوہر پریکر کا پتلا سینکڑوں شہریوں کی موجودگی میں نذر آتش کرکے بھارت کو پاکستان کے لیے یکجہتی کا بھرپور پیغام دیا گیا ۔

(جاری ہے)

ان تمام مقامات پر صوبائی صدر حلیم عادل شیخ نے کارکنوں سے ٹیلی فونک بات چیت اور خطاب میں ان کے جذبوں کو سراہا جس میں ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ان جماعتوں میں سے ہے جو ملکی سالمیت اور دفاع کو اپنا سب کچھ مانتی ہے اور کوئی ایسی بات برداشت نہیں کرسکتی جس میں پاکستان اور کشمیر کو زک پہنچانے کے خلاف ادا کی گئی ہو انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط ملک ہے چند نام نہاد حکمرانون کا نہیں بلکہ یہ 20کروڑ عوام کا ملک ہے جسے شکست دینا دشمن کا خواب ہی رہیگا انہوں نے پاک فوج کے جوانوں کی بھی تعریف کی اور کہا کہ ضرب عضب میں ہمارے فوجی جوانوں نے وہ خدمات بھی سرانجام دی جس کی ذمہ داری سول قیادت کی تھیں ،ہمیں اپنی افواج پر اس قدر ناز ہے کہ ہم ملک کی سرحدوں پر ان کے ساتھ ہر مشکل کی گھڑی میں اپنا سب کچھ لٹانے کو تیار ہیں مگر یہ ہرگز برداشت نہیں کرینگے کہ کوئی ہمارے ملک کی طرف میلی نگاہ سے دیکھنے کی مذموم کوشش بھی کرسکے ۔

انہوں نے مسلم لیگ کے رہنما زآغامولا بخش پٹھان ،صدیقہ مظفر ،حیدرسیال ،عابد میمن ،طارق سومرو،عیسیٰ ڈومکی ،مصدق کٹپراور دیگر کومظاہروں کی قیادت کرنے پر مبارکباد پیش کی ۔