آپریشن ضرب عضب میں بے مثال قربانیاں دینے پر ”پاک فوج زندہ باد مہم “ چلائی جائے گی‘ صاحبزادہ حامد رضا

بھارت کے پاکستان دشمن اشتعال انگیز رویے کے خلاف جمعہ 19جون کو ملک گیر ”یوم مذمت بھارت “ منایا جائے گا،سنی اتحاد کونسل کی کور کمیٹی کے ماہانہ اجلاس سے خطاب

پیر 15 جون 2015 22:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے اعلان کیا ہے کہ آپریشن ضرب عضب میں بے مثال قربانیاں دینے پر ”پاک فوج زندہ باد مہم “ چلائی جائے گی اور پاک وطن پر اپنی جانیں نچھاور کرنے والے فوجی شہداء کو خرا ج تحسین پیش کرنے کیلئے اجتماعات منعقد کئے جائیں گے۔بھارت کے پاکستان دشمن اشتعال انگیز رویے کے خلاف جمعہ 19جون کو ملک گیر ”یوم مذمت بھارت “ منایا جائے گااور ملک بھر میں بھارت مردہ باد تحریک چلائی جائے گی ۔

بھارت ایک انچ بھی پاکستان کی طرف بڑھا تو روتا ہوا واپس جائے گا۔پاک فوج نے دہشتگردوں کی کمر توڑ دی ہے۔امریکی دباؤ پر”سیو دی چلڈرن “ پر پابندی کا فیصلہ واپس لینا قومی خود مختاری کے منافی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کو دہشتگردوں کے مخبروں سے پاک کیا جائے۔آپریشن ضرب عضب نے ملک دشمن دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچادیا ہے۔ملک دشمنوں کو ہر محاذ پر شکست دینے کیلئے قوم متحد اور پر عزم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کی کور کمیٹی کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پاکستانی حکمران ووٹ لیکر نہیں ووٹ چھین کر اقتدار میں آتے ہیں۔کراچی میں 230ارب روپے کی کرپشن میں ملوث با اثر افراد کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کی جائے۔رینجرز کے ہاتھ پاؤں باندھ کر اسے سندھ کی کرپٹ سرکاری انتظامیہ کے خلاف ڈال دیا گیا ہے۔

پیپلز پارٹی نے سندھ کو ”نیندر شاہ“ کے حوالے کر رکھا ہے۔دفاع وطن کیلئے آرمی چیف کے انقلابی عزائم لائق تحسین ہیں۔حکومتی نا اہلی کی وجہ سے رمضان شروع ہونے سے قبل مہنگائی میں اضافہ ہو گیا ہے۔حکومت ایکشن پلان میں عملدر آمد میں ناکام ہو چکی ہے۔عوام بھوک سے مررہی ہے اور حکمرانوں کے محلات دوبئی اور یورپ میں بن رہے ہیں۔صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ کوئٹہ میں پنجابی آباد کاروں کی ٹارگٹ کلنگ افسوسناک ہے۔

پاکستان کئی ملکوں کی پراکسی وارز کا میدان بن چکا ہے اور اس صور تحال سے نپٹنے کیلئے نئی حکمت عملی تیار کر نا ہو گی ۔سٹیٹ کا ڈسپلن قائم کئے بغیر حکومتی رٹ قائم نہیں ہو گی ۔پنجاب میں سکول اور ہسپتال بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ پارلیمنٹ ڈیبیٹنگ کلب بن چکا ہے۔افغان صدر اشرف غنی کر زئی کے راستے پر نہ چلیں اور پاکستان پر بے جا الزام تراشی بند کر دیں۔کور کمیٹی کے اجلاس میں سید جواد الحسن کاظمی ،مفتی محمد حسیب قادری ، صاحبزادہ عمار سعید ، مولانا اکبر نقشبندی ، صاحبزادہ حسن رضا، حاجی رانا شرافت علی قادری ، میاں فہیم اختر ،ملک بخش الٰہی ، اسد رفیق رضوی ، صاحبزادہ معا ذ المصطفیٰ قادری ، صاحبزادہ مطلوب رضا ، ارشد مصطفائی نے شرکت کی ۔