25 ویں ایگلیٹ فورس پاسنگ آؤٹ پریڈ

پیر 15 جون 2015 21:54

کراچی ۔ 15جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء)ایس ایس یو ایلیٹ فورس کے 25 ویں بیج کی پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب پیر کو شہید بے نطیر بھٹو پولیس ٹریننگ سینٹر رزاق آباد منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی سابق صدر مملکت آصف علی زرداری تھے۔ ایلیٹ فورس کے 25 ویں بیج کی پاسنگ آوٹ میں 40 خواتین سمیت 2000 سے زائد اہلکاروں نے پولیس فورس میں شمولیت اختیارکر لی ہے۔

700 افسران اور 380 جوان پاس آوٹ ہوئے ہیں۔ پاس آوٹ ہونیوالے اہلکاروں نے پریڈ کی اور مشقوں کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی سابق صدرآصف زرداری اور وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے اہلکاروں کی تربیت کو سراہا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں2080اہلکار شریک ہوئے جن میں 40خواتین اہلکار بھی شامل تھیں۔

(جاری ہے)

تربیت کے دوران اعلی کارکردگی دکھانے والے اہل کاروں کو انعامات بھی دیئے گئے۔

اس موقع پر ٹریننگ مکمل کرنے والے مرد و خواتین اہلکاروں نے مختلف مشقوں کے ذریعہ اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس پر شرکاء نے انہیں داد دی جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اورسابق صدر آصف علی زرداری نے کہاہے کہ آپریشن ضرب عضب سے ملک کو بہت فائدہ ہوا، فوج اور سکیورٹی ادارے ہمارے کل کو محفوظ بنانے کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں ۔

اس آپریشن ضرب عضب میں حصہ لینے والے فوجی جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پولیس کے جوان دہشت گردی کے خلاف لڑرہے ہیں پولیس کے شہیدوں کے لواحقین کو تاحیات تنخواہ اور گھر کے ایک فرد کو نوکری دی جائے۔ امن و امان کی بحالی میں پولیس نے اہم کردار ادا کیا ہے، 18 ویں ترمیم کے بعد اسی طرح کی ترقی چاہتے ہیں جیسے دوسرے صوبوں میں ہوئی ہے۔وہ پیرکو شہید بینظیر بھٹو ٹریننگ سینٹر رزاق آباد میں تربیت مکمل کرنے والے کمانڈوز کی25 ویں ایگلیٹ فورس پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پروزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، سندھ کے وزیر داخلہ انورسہیل سیال اور پیپلزپارٹی کی نائب صدر سنیٹرشیری رحمن سمیت پولیس کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ سابق صدر زرداری نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا۔ تقریب سے خطاب میں سابق صدرنے کہا کہ دشمن نت نئے طریقے آزما رہا ہے، پولیس سسٹم میں بھی جدت لانی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ہم یہاں سندھ پولیس کو سلام پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔

پولیس کے جوان دہشت گردی کے خلاف لڑرہے ہیں۔ شہیدوں سے ہم نے طاقت لی ہے، اس لیے سندھ پولیس کے شہیدوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بے نظیر بھٹو جب پاکستان آئیں تو ان پرحملہ ہوا لیکن وہ محفوظ رہیں لیکن بعد میں انہیں شہید کر دیا گیا۔ شہید زندہ ہوتے ہیں اور اسی طرح پولیس کے شہدا بھی زندہ ہیں۔پولیس شہدا کے اہلخانہ کو تنخواہیں و سہولیات اور بچوں کو ملازمتیں دی جانی چاہیں ۔

سابق صدر نے کہاکہ سندھ میں جرائم کی شرح کم ہوئی ہے جس کا سہراوزیراعلیٰ سندھ ، آئی جی اور سندھ پولیس کو جاتا ہے ۔آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمارے کل کو محفوظ بنانے کیلئے فوج ، پولیس ور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے قربانیاں دی ہیں ۔ پولیس چاک و چوبند ہو گی تو صوبے میں امن ہو گا ۔ انہوں نے کہاکہ پولیس کو بھی آرمی ، نیوی اور فضائیہ جیسی ویلفیئر کی سہولیات مہیا ہونی چاہئیں اور حکومت سندھ اس حوالے سے اقدامات کرے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی نے سندھ پولیس کی ٹریننگ میں بہت تعاون کیا ہے ، جس پر وہ اس کے بہت مشکور ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے باعث امن قائم ہوا ہے ۔ فوج کے جوانوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں ۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج اور دیگر سکیورٹی اداروں کی قربانیاں قابل ستائش ہیں ۔ ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں ۔ اس موقع پر سابق صدر نے کورس میں نمایاں کارکردگی دیکھانے والے اہلکاروں میں اسناد بھی تقسیم کیں اور کورس میں خواتین اہلکاروں کی شمولیت پر خوشی کا اظہار کیا ۔

وزیر اعلی سندھ سیدقائم علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضرب عضب کاایک سال مکمل ہونے پرآرمی چیف جنرل راحیل شریف کو مبارک باد پیش کی۔انہوں نے کہاکہ ایلیٹ فورس کیلئے جدید اسلحہ درکار ہے جس کیلئے وفاقی حکومت سے کہا تھا ۔ ایلیٹ فورس کو جدید خطوط پر تربیت دی گئی ہے ۔ سندھ پولیس کو جدید تربیت اور ہتھیاروں سے لیس کر کے ناقابل شکست فورس بنا رہے ہیں ۔

بہت تیزی سے جرائم کی تفتیش اور مجرموں کا پکڑا جانا بڑی کامیابی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کو جدید وسائل فراہم کرنے کے لیے 10 ارب روپے سے زائد رقم مختص کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس نے سانحہ صفورا کے ملزمان کو4 دن میں گرفتار کیا اور سانحہ شکار پور کے ملزمان کو بھی گرفتار کیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ کراچی میں بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اورٹارگٹ کلنگ میں کافی کمی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پولیس کی ٹریننگ کے لیے بہت تعاون کیا اور سندھ میں قیام امن کے لیے بھی ان کا مزید تعاون جاری رہے گا ۔آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے کہاکہ امن وامان کے قیام کیلئے پولیس نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس کو دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے جدید ٹریننگ فراہم کرنے پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کے شکر گذار ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن قائم ہوا ہے ۔ اغواء برائے تاوان کو ختم کر دیا گیا ہے ۔ ٹارگٹ کلنگ اور دیگر جرائم میں بھی کمی واقع ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سندھ پولیس پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے متحد ہیں اور ہمارا وژ ن ہے کہ ہم صوبے کو دہشت گردی سے پاک کریں گے اور یہاں امن قائم کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ سابق صدر اور وزیر اعلیٰ سندھ نے ایس ایس پی مقصود میمن کی صلاحیتوں کی تعریف کی۔