پاکستان میں اندھے پن کی دوسری بڑی وجہ کالا موتیہ ہے‘ پروفیسر ڈاکٹر نقیش صادق

پیر 15 جون 2015 21:41

چکوال ۔ 15 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) پاکستان میں اندھے پن کی دوسری بڑی وجہ کالا موتیہ ہے اور اس وقت پاکستان میں پچاس لاکھ سے زائد کالے موتیے کے مریض ہیں یہ مرض بڑی تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے اور اس ضمن میں عوام میں شعور اور آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ بات اسلام آباد میڈیکل کالج کے پروفیسر ڈاکٹر نقیش صادق نے چکوال تلہ گنگ کے آنکھوں کے ڈاکٹروں پر مشتمل سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

سیمینار کا اہتمام پاکستان گلاکوما ایسو سی ایشن نے مقامی ہوٹل میں کیا تھا ۔جس میں کالے موتیے کی تشخیص اور علاج کے بارے میں جدید طریقہ اور سہولیات کے بارے میں آگاہی دی گئی۔ اس موقع پر راولپنڈی میڈیکل کالج کے سینئر پروفیسر ڈاکٹر سید امتیاز علی شاہ اور ڈاکٹر انجم شہزاد اسسٹنٹ پروفیسر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

ای ڈی او محکمہ صحت ضلع چکوال ڈاکٹر عالمگیر نوابی، ڈاکٹر مقصود منہاس، ڈاکٹر گلزار حسین، کرنل ڈاکٹر تاثیر رانا بھی اس سیمینار میں موجود تھے۔

پروفیسر ڈاکٹر سید امتیاز علی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کالے موتیے کی اگر ابتداء میں ہی تشخیص ہو جائے تو اس کا بہتر طریقہ سے علاج کیا جا سکتا ہے، ڈاکٹر انجم شہزاد نے کالے موتیہ کی علاج کے بارے میں ہونے والی جدید تحقیق کے بارے میں آگاہ کیا۔ڈاکٹر نقیش صادق نے مزید بتایا کہ سفید موتیہ کا کالے موتیہ سے کوئی تعلق نہیں ہے اور کالا موتیہ ایک علیحدہ قسم کی خطرناک بیماری ہے جو انسان کو فوری طور پر بینائی سے محروم کر دیتی ہے۔

متعلقہ عنوان :