پرانی گاڑیاں کمپنی وارنٹی کے ساتھ ٹویوٹا شیور پروگرام کے تحت حاصل کی جا سکیں گی،علی اصغر جمالی

پروگرام کا مقصد پرانی گاڑیوں کے خریداروں اور فروخت کرنے والوں کو نئی گاڑیاں خریدنے جیسی سہولت اور آسانی فراہم کرنا ہے،چیف آپریٹنگ آفیسر آئی ایم سی

پیر 15 جون 2015 21:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) پرانی گاڑیوں کے صارفین اب پرانی ٹویوٹاگاڑیاں چھ ماہ کی کمپنی وارنٹی کے ساتھ ٹویوٹا شیور پروگرام کے تحت حاصل کرسکیں گے۔ حالیہ متعارف کرائے گئے اس پروگرام کا مقصد پرانی گاڑیوں کے خریداروں اور فروخت کرنے والوں کو نئی گاڑیاں خریدنے والوں جیسی سہولت اور آسانی فراہم کرنا ہے۔ ٹویوٹا شیور پرو گرام ٹیوٹا کے عالمی اقدام کا حصہ ہے جس کے تحت صارفین کو اضافی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔

انڈس موٹر کمپنی (آئی ایم سی ) پاکستان میں ٹویوٹا اور ڈائی ہاتسو کی مجاز ڈسٹری بیوٹر ہے جس نے ٹویوٹا شیور پروگرام کے ذریعے پرانی گاڑیوں کی خرید و فروخت اور تبادلے کی سہولت فراہم کی ہے۔اس پروگرام میں پرانی گاڑی کے بدلے دوسری گاڑی تبدیل کرنے کے حوالے سے دیگر کمپنیوں کی گاڑیاں بھی شامل ہیں جبکہ پرانی ٹویوٹا کے بدلے نئی ٹویوٹا گاڑی کی خریداری جیسی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

یہ سہولت کراچی، فیصل آباد اور لاہور میں فی الوقت فراہم کی جارہی ہے ،تاہم اسے ملک بھر کے ڈیلرشپ نیٹ ورک تک توسیع دی جائے گی۔ چیف آپریٹنگ آفیسر آئی ایم سی، علی اصغر جمالی نے کہا ہے کہ ٹویوٹا شیور پروگرام میں جو فوائد فراہم کئے جارہے ہیں وہ دیگر گاڑی فروخت کرنے والے فراہم نہیں کررہے ہیں۔ اس پروگرام کی سپورٹ دنیا کی سب سے قابل اعتماد برانڈ ٹویوٹا فراہم کررہی ہے اور صارفین کو اضافی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔

صارفین چاہے وہ پرانی گاڑی بیچناچاہتا ہو، یا پرانی گاڑی کے بدلے نئی گاڑی حاصل کرنا چاہتا ہو یا پھر سرٹیفائڈ گاڑی خریدنا چاہتا ہو، اس مقصد کیلئے گاڑیوں کی ٹویوٹا شیور ڈیلرشپ پر 203 چیک پوائنٹس سے جانچ کی جائے گی جو ٹیوٹا سرٹیفائڈ ماہرین، سیلز مشیر کریں گے۔ اس وسیع معائنے کا مقصد گاڑی کی مناسب ترین قیمت مقرر کرنا ہے۔ پرانی گاڑیوں کی خریداری کے لیے مالیاتی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام سرٹیفائڈ گاڑیوں پر ملک بھر میں چھ ماہ/ 10 ہزار کلومیٹر کی وارنٹی انجن اور سسپنشن پر بھی دی جائے گی۔ ٹویوٹا شیور مکمل بعد از فروخت سپورٹ کو یقینی بناتا ہے جو صارفین کے دائمی ذہنی سکون کا باعث ہے۔ آئی ایم سی کے اس اقدام کا مقصد پرانی گاڑیاں خریدنے والوں کو سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں گاڑی کی قیمت کے حوالے سے شفافیت اور معیار حاصل ہو اور صارفین صرف ذہنی نتائج کی بنیاد پر فیصلہ نہ کریں۔ اس طرح انہیں نان او ای ایمز سیلرز کی بہ نسبت بہتر انتخاب میسر آئے گا۔`