حکومت چائلڈ لیبر کے خاتمہ کیلئے بہت سے اقدامات کر رہی ہے‘ذکیہ شاہنواز

چائلڈ ویلفیئر سنٹرز قائم کئے گئے ہیں جہاں پر بچوں کو نا صرف تعلیم کی سہولیات میسر ہیں بلکہ فنی تعلیم بھی دی جاتی ہے‘وزیر بہبود آبادی

پیر 15 جون 2015 20:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء ) وزیر بہبود آبادی پنجاب بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ حکومت چائلڈ لیبر کے خاتمہ کے لئے بہت سے اقدامات کر رہی ہے، چائلڈ ویلفیئر سنٹرز قائم کئے گئے ہیں جہاں پر بچوں کو نا صرف تعلیم کی سہولیات میسر ہیں بلکہ فنی تعلیم بھی دی جاتی ہے تاکہ وہ تعلیم حاصل کر کے اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں - یہ بات انہوں نے یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام چائلڈ لیبر کے حوالے سے نیشنل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی - کانفرنس میں گلوبل یوتھ ایمبیسڈر میاں زریاب عارف ،سابق وزیر خارجہ سردار آصف علی خان، سینیٹر سرادر محسن لغاری ، چوہدری عبدالغفور ،تلقین آفتاب ،آمنہ الفت کے علاوہ ایم پی اے سعدیہ سہیل نے شرکت و خطاب کیا - صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام دنیا میں 215 ملین بچے محنت مزدوری کرنے پر مجبور ہیں نہ تو وہ سکول جاتے ہیں اور نہ ہی انہیں خوراک کی سہولیات میسر ہیں - ان میں سے آدھے غلامی کی زندگی بسر کر رہے ہیں اور آدھے بچوں سے زبردستی کام کروایا جاتا ہے - ان میں سے صرف ایک فیصد بچوں کو تعلیم کی سہولیات میسر ہیں -انہوں نے کہا کہ نیشنل چائلڈ لیبر سروے کے مطابق پاکستان میں 14 سال سے کم عمر بچوں کو محنت مزدوری پر مجبور کیا جاتا ہے - انہوں نے کہا کہ چائلڈ لیبر کی ایک بڑی وجہ آبادی کا بڑھنا ہے اگر ہم آبادی پر کنٹرول کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو چائلڈ لیبر کا خاتمہ بھی ہو سکتا ہے - انہوں نے کہا کہ چائلڈلیبر کا خاتمہ ہم سب پر فرض ہے یہ کوئی ایک فرد نہیں کر سکتا جب کوئی بھلائی کا کام شروع کرتا ہے تو دیگر لوگ بھی ان کاموں میں شامل ہو جاتے ہیں -آخر میں شرکاء میں یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں -

متعلقہ عنوان :