سابق آسٹریلوی کپتان سٹیو وا کے بیٹے آسٹن والد کے نقش قدم پر چل پڑے

پیر 15 جون 2015 20:30

سابق آسٹریلوی کپتان سٹیو وا کے بیٹے آسٹن والد کے نقش قدم پر چل پڑے

ڈارون(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار15جون ۔2015ء ) سابق آسٹریلوی کپتان سٹیو وا کے15 سالہ بیٹے آسٹن وا بھی اپنے والد کے نقش قدم پر چل پڑے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلین انڈر 15چیمپئن شپ کے ایک میچ میں نیو ساؤتھ ویلز کے آسٹن وا نے نادرن ٹیرٹری کے خلاف شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کر تے ہوئے محض 4.4اوورز میں محض 9رنز دے کر 4کھلاڑی پویلین بھیجے جس کے نتیجے میں نادرن ٹیرٹری کی ٹیم 92رنز پر سمٹ گئی ۔

(جاری ہے)

ہدف کے تعاقب میں نیو ساؤتھ ویلز کی ٹیم 55رنزپر 4وکٹیں کھو کر مشکلات کا شکار تھی جب نمبر 6پر آنے والے آسٹن وا نے 17رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی نیا پار لگائی ۔ ان موقع پر آسٹن وا کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ انکی آل راؤنڈ پرفارمنس کے نتیجے میں ان کی ٹیم کامیابی سے ہمکنار ہوئی ۔آسٹین کے مطابق ٹورنامنٹ سے قبل ان کے والد نے انہیں خود پر بھروسہ رکھنے کی ہدایت کی تھی اور میچ کے بعد انہوں نے شاندار کاکردگی پر خوشی کا اظہار کیا ۔آسٹن کے مطابق ان کی اس پرفارمنس کے بارے میں ان کے انکل اور آسٹریلوی ٹیم کے سلیکٹر مارک وا کو علم نہیں ہے اور وہ جلد ہی انہیں فون کرکے اپنی پرفارمنس کے بارے میں آگاہ کریں گے ۔