لیبر طبقہ کی فلاح و بہبوود کیلئے گزشتہ سال سے 11.3فیصد زائد 610ملین روپے مختص کیے گئے ‘50ملین روپے سے صوبائی چائلڈ لیبر سروے کا انعقاد عمل میں لایا جائیگا، جاری منصوبے تیزی سے مکمل ہوں گے

صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل پنجاب راجہ اشفاق سرور کا بیان

پیر 15 جون 2015 18:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے مزدور طبقے کی فلاح و بہبود اور معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے حالیہ بجٹ میں گزشتہ سال سے 11.3فیصد زائد 610ملین روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے ،مزدور دوست پالیسیوں کے فروغ کے لئے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ صوبہ پنجاب کی ہنرمند افرادی قوت کے پنجاب ایمپلائز سوشل سیکورٹی آرڈیننس کے تحت سماجی تحفظ ،چائلڈ لیبر کے خاتمے، انڈسٹریل پیس برقرار رکھنے اور استعداد کار میں اضافے کی حکومتی ترجیحات کا مظہر ہے ۔

اتوار کو اپنے ایک بیان میں وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ محکمہ محنت و انسانی وسائل کے نئے ٹارگٹس میں صوبہ پنجاب میں چائلڈ لیبر کے حوالے سے مصدقہ ڈیٹا جمع کرنا اور پہلے سے جاری میگا ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ 65ملین روپے کی لاگت سے لیبر مارکیٹ انفارمیشن سسٹم اینڈ ریسورس سنٹر کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ۔

صوبائی چائلڈ لیبر سروے کے لئے حالیہ بجٹ میں 50ملین روپے کی خطیر رقم مختص مختص کی گئی ہے ۔راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف کی خصوصی دلچسپی سے 5.2بلین روپے سے جاری مربوط منصوبے کے تحت چائلڈ و جبری مشقت کے خاتمے سمیت کم وسیلہ مزدور طبقے کے لئے ڈیسنٹ ورک کا فروغ ، صنعتی اداروں میں استعداد کار بڑھانے کے پیش نظر لیبر سٹینڈرڈز کے نفاذ کے لئے 134ملین روپے، 4اضلاع میں چائلڈ لیبر کی بدترین اشکال کے خاتمے کے لئے 180ملین روپے جبکہ جبری مشقت کے خاتمے کے لئحے 196ملین روپے کے میگا پراجیکٹس کامیابی سے مکمل کئے جارہے ہیں ۔

وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے بتایا کہ مزدوری کی جگہوں جن میں بھٹہ خشت بھی شامل ہیں ، پر 120نان فارمل ایجوکیشن سنٹرز قائم کئے گئے ہیں ، بھٹوں پر 4200بچوں کی رجسٹریشن بھی نان فارمل ایجوکیشن کے لئے کی جاچکی ہے ، فیکٹریوں اور صنعتی یونٹس کا ڈیٹا بیس مکمل جبکہ کمپیوٹرائزڈ انسپکشن سسٹم اور جاب پورٹل کی تشکیل بھی عمل میں لائی جاچکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد ، گجرات ، بہاولپور اور سرگودھا میں بھٹوں کی رجسٹریشن بھی اپ ڈیٹ کی گئی ہے ۔

صنعتی اداروں میں ڈیسنٹ ورک کے فروغ اور ہیلتھ اینڈ سیفٹی اقدامات یقینی بنانے کے لئے ٹیکنیکل سہولیات کی فراہمی اور سکل ڈویلپمنٹ پروگرام یقینی بنائے جارہے ہیں۔جبری مشقت اور چائلڈ لیبر کے خاتمے نیز انٹرنیشنل سٹینڈرڈز کے نفاذ کے لئے آئی ایل او سمیت بین الاقوامی اداروں کے اشتراک سے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :