Live Updates

ماہ رمضان المبارک کے دوران شہر کے ہر علاقہ میں فراہمی آب کو یقینی بنایا جائے، ایم ڈی واٹربورڈ کی واٹربورڈ عملے کو ہدایت

پیر 15 جون 2015 18:32

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) منیجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹراینڈسیوریج سید ہاشم رضا زیدی نے ہدایت کی ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران شہر کے ہر علاقہ میں فراہمی آب کو یقینی بنایا جائے،متعلقہ افسران اور فیلڈ اسٹاف کو اس بات کا پابند کیا جائے کہ شہر کے ہر علاقہ میں پانی کی سپلائی برقرار رہے اور کسی بھی علاقہ سے پانی کی قلت کی شکایات موصول نہ ہوں اس لئے ماہ مقدس میں پینے کے پانی کی فراہمی پر خاص توجہ کی ضرورت ہے ،پانی کی منصفانہ تقسیم میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ایم ڈی واٹربورڈ نے تمام زونل چیف انجینئرز کو ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں شہریوں کو بلاتعطل پانی فراہم کرنے ،ہر علاقے میں فراہمی آب کے نظام کو مستقل رواں رکھنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے جائیں ،مساجد ، تراویح کے مقامات اور امام بارگاہوں میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے اور جن مساجد و امام بارگاہوں میں پانی کی کمی کا سامنا ہے وہاں خصوصی اقدامات کئے جائیں اور ٹینکرز کے زریعے پانی فراہم کیاجائے تاکہ روزہ داروں کوکسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ،مساجد و امام بار گاہوں کے منتظمین سے رابطہ میں رہیں اور ہر چیف انجینئرز اپنے علاقوں میں منتظمین سے مل کراقدامات کریں ،یہ ہدایات انہوں نے رمضان المبارک میں شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے عملدرآمد کے لئے بلائے گئے خصوصی اجلاس کے دوران دیں، جس میں ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل سر وسز ،تمام چیف انجینئرز،ایگزیکٹو انجینئرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایم ڈی واٹر بورڈ نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو بلاتعطل پانی فراہم کرنے کے لئے تمام ضلعی چیف انجینئرز، سپرنٹنڈنگ انجینئرز، ایگزیکٹو انجینئرز والوو آپریشن کی کڑی نگرانی کریں اور شیڈول کے مطابق ہر علاقہ کو ضرورت کے مطابق پانی فراہم کیا جائے،بجلی کے تعطل کے دوران بھی چھوٹے پمپنگ اسٹیشنوں پر جنریٹر کی مدد سے پمپنگ کرکے علاقہ کے مکینوں کو شیڈول کے مطابق پانی فراہم کیا جائے،تمام مساجد وامام بارگاہوں میں خصوصی طور پر نماز اور تراویح کے اوقات میں وضو کے لئے پانی کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے،مساجد وامام بارگاہوں کے ارد گرد سیوریج کے پانی کو ہر گز کھڑا نہ ہونے دیا جائے اور اوور فلو کی شکایات کا فوری طور پرازالہ کیا جائے ،مساجد ، امام بارگاہوں اور تراویح کے دیگر مقامات کے ارد گرد مین ہولز پر ڈھکن رمضان کی آمد سے قبل لازمی لگائے جائیں ،اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی مین ہول کھلا نہ رہے، نکاسی آب سسٹم کو فعال رکھا جائے ، تمام سیوریج پمپنگ اسٹیشنوں کو بھی معمول کے مطابق چلانے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں ،ایم ڈی واٹر بورڈ سید ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ یہ ہماری مذہبی،اخلاقی اور پیشہ ورانہ ذمہ داری ہے ،ہمیں اپنی سر وسز کو ماہ مقدس میں بھی مزید بہتربنانا ہے تاکہ اﷲ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل ہو،ویسے بھی واٹربورڈ خدمتی شہری ادارہ ہے ہمیں پانی کی قلت اور محدود وسائل کے با وجود اپنے تمام وسائل اور تجر بہ سے فراہمی و نکاسی آب کی سہولتوں کو مساویانہ و منصفانہ تقسیم سے ممکن بنانا ہے ،انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت یا شکایات کو ہرگز نظر انداز نہیں کیا جائے گا،انہوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ واٹر بورڈ کے کمپلینٹ سینٹر اور کمشنر آفس کے مر کز شکایات پر مو صولہ شکایت کا تر جیحی بنیادوں پر ازالہ کیاجائے اور اس کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر ایم ڈی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی جائے۔

Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :