پشاور میں انتہائی سخت سیکیورٹی میں 2 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا

مہم کے دوران پشاور کی 92 یونین کونسلز میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے پولیو وائرس دنیا کے صرف تین ممالک پاکستان، افغانستان اور نائجیریا میں موجود ہے ٗعالمی ادارہ صحت

پیر 15 جون 2015 17:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں انتہائی سخت سیکیورٹی میں 2 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے ٗمہم کے دوران پشاور کی 92 یونین کونسلز میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت کے مطابق انسداد پولیو مہم کے دوران گھر گھر بچوں کو قطرے پلانے کیلئے 2955 موبائل ٹیمیں اور 460 مقامات مقرر کیے گئے ہیں۔

مذکورہ مہم کا آغاز 28 مئی کو ہونا تھا تاہم سیکیورٹی وجوہات کے باعث مہم تاخیر شکار ہوگئی۔اس سے قبل جون میں عالمی ادارہ صحت کے ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ کے ایک اجلاس کے دوران یہ بات سامنے آئی تھی کے شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے پولیو کیسز میں بتدریج کمی آرہی ہے۔

(جاری ہے)

ایک عہدیدار نے بتایا کہ وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقہ جات (فاٹا) میں رواں سال اب تک 7 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ٗ گذشتہ سال اسی دوران پولیو کے 179 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

حکام کی جانب سے حاصل ہونے والے اعدادو شمار کے مطابق سال 2014ء کے دوران پاکستان بھر میں 306 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے تھے ٗجن میں سے اکثر فاٹا اور خیبر پختونخوا سے تھے تاہم رواں سال اب تک ملک بھر سے 24 پولیو کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے صرف 7 کیسز فاٹا سے عالمی ادارہ صحت کے مطابق پولیو وائرس دنیا کے صرف تین ممالک پاکستان، افغانستان اور نائجیریا میں موجود ہے۔