مودی سرکار کسی غلط فہمی میں نہ رہے، ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں، ہماری امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے

ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر محمد طاہر کھوکھر

پیر 15 جون 2015 16:57

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء)ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر ، جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی محمد طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ مودی سرکار کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں۔ ہماری امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ اگر قوم 71ء کے انتقام پراتر آئی تو بھارت صفحہ ہستی سے نیست و نابود ہو جائے گا۔

پوری قوم پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہے اور ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ بجٹ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارتی دھمکیوں کا نوٹس لیں اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے کے لیے کردار ادا کریں۔ طاہر کھوکھر نے کہا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے کے لیے کردار اداکرے۔

(جاری ہے)

کشمیری عوام مسئلہ کے اہم ترین حریف ہیں۔ مذاکراتی عمل میں کشمیری قیادت کو شامل کیا جائے کیونکہ اس کے بغیر مسئلہ کا دیرپا حل نکلناناممکن ہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیر ٹرانسپورٹ طاہر کھوکھر نے کہا کہ بھارتی قیادت ہوش کے ناخن لے ۔ بالآخر اسے مذاکرات کی میز پر ہی تمام مسائل کا حل ڈھونڈنا پڑے گا۔ اپنے اندرونی حالات، غربت، بیروزگاری، آزادی اور علیحدگی کی تحریکوں سے خائف بھارتی قیادت ہمیشہ دباؤ میں آ کر خطہ میں جنگی جنون پیدا کرنے کی کوشش کرتی ہے

اور کنٹرول لائن پر اشتعال انگیز کارروائیاں کر کے اپنے عوام کی ہمدردیاں حاصل کی جا کر اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جاتی ہے جو بے سود ہے۔

بھارتی قیادت کب تک اپنے عوام اور دنیا کو دھوکا دے گی۔ اب دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنا ممکن نہیں۔ اس لیے بھارتی قیادت ہوش کے ناخن لے اور دونوں ممالک کے درمیان بنیادی مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرے جس کا وعدہ اس نے اقوام عالم سے کر رکھا ہے۔ اس سے خطہ سے جنگ کے بادل چھٹ جائیں گے اور دونوں ممالک اپنے دفاعی اخراجات کم کر کے وسائل عوام کی ترقی اور خوشحالی پر صرف کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں قوت کے زور پر عوام کی پرامن تحریک کو دبانے میں ناکام ہو چکا ہے۔ 18 لاکھ فوج کی موجودگی، ظلم و بربریت کے تمام ہتھکنڈوں کے استعمال کے باوجود کشمیری عوام اپنے پیدائشی حق خودارادیت کے لیے آج بھی پرامن جدوجہد کر رہے ہیں۔ دنیا بھر کی جمہوری اور آزادی پسند قوتیں کشمیری عوام کی پرامن تحریک کی پشت پر ہیں۔

اس لیے بھارت مزید کشمیر پر اپنا غاصبانہ تسلط قائم نہیں رکھ سکتا۔ طاہر کھوکھر نے اقوام متحدہ ، امریکہ، او آئی سی اور بنیادی انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور بھارت کے خلاف جنگی جرائم میں ملوث ہونے کے مقدمات عالمی عدالت انصاف میں دائر کیے جائیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ بھارتی قیادت کو مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لیے سفارتی دباؤ ڈالیں اور بھارت کا معاشی بائیکاٹ کیا جائے۔