انٹرنیشنل ڈینگی ڈے کے موقع پر رکن صوبائی اسمبلی کی قیادت میں انسداد ڈینگی آگہی واک

پیر 15 جون 2015 16:38

لاہور ۔15 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) رکن صوبائی اسمبلی چوہدری یاسین سوہل نے کہا ہے کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف کی پرعزم قیادت میں صوبے کے تمام محکموں ، سکولوں ، کالجوں اور شہریوں نے عوامی قیادت کے ساتھ مل کر ماضی میں بھی ڈینگی کو شکست دی تھی اور اس سال بھی مربوط روابط، انتھک محنت اور مشترکہ لائحہ عمل سے لوگوں کو اس موذی مچھر سے محفوظ رکھنے کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے-انہوں نے یہ بات پیر کے روز انٹرنیشنل ڈینگی ڈے کے موقع پر باب پاکستان والٹن سے ڈیفنس موڑ تک انسداد ڈینگی آگہی واک کی قیادت کرتے ہوئے کہی-واک میں کینٹ ، لاہور کنٹونمنٹ اور والٹن کنٹونمنٹ بورڈز کی علاقائی قیادت، ڈی ڈی او (ہیلتھ) کینٹ ڈاکٹر آصف اقبال، سینئر انٹامالوجسٹ سعید الرحمن، انوائرمنٹ انسپکٹرز، محکمہ سوشل ویلفیئر، تعلیم، صحت ، کوآپریٹو، فشریز کے نمائندوں ، طلباء و اساتذہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی-واک کے علاوہ کینٹ ، لاہور اور والٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے مختلف محکموں اور تعلیمی اداروں میں ڈینگی آگہی سیمینار بھی منعقد ہوئے جن میں تعطیلات کے باوجود طلبا و طالبات ، اساتذہ اور والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی- ایم پی اے یاسین سوہل نے کہا کہ ڈینگی طبی سے زیادہ ایک سماجی مسئلہ ہے جس کے تدارک کے لئے عملی اقدامات اسی صورت میں کامیاب ہوسکتے ہیں جب عوام میں ڈینگی سے بچاؤ کے اقدامات اور حفظان صحت کے اصولوں کو اپنانے بارے شعور اجاگر کیا جائے- یاسین سوہل نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ڈینگی لاروا کی تلفی ، ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس ، گھر گھر جا کر شعور بیدار کرنے ، سیمینارز، واک اور پمفلٹس کی تقسیم سمیت انسداد ڈینگی مہم کی کامیابی کے لئے تمام اقدامات پورے جوش و خروش سے جاری ہیں جن کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں-

متعلقہ عنوان :