اسلام آبادبلدیاتی انتخابات چیلنج کیس؛ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکرٹریز الیکشن کمیشن، داخلہ وقومی اسمبلی سمیت دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل جواب طلب کر لیا

پیر 15 جون 2015 16:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 25 جولائی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کو چیلنج کرنے سے متعلق درخواست پر سیکرٹری الیکشن کمیشن‘ سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری قومی اسمبلی سمیت دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل بدھ کو جواب طلب کر لیا ہے۔ پیر کے روز جسٹس نور الحق قریشی کی سربراہی میں ڈویژنل بنچ نے قمر مصطفیٰ و دیگر شہریوں کی جانب سے دائر کیس کی سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل مبین الدین قاضی نے عدالت میں پیش ہو کر موقف اختیار کیا کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بل صرف قومی اسمبلی سے منظور ہوا ہے پارلیمنٹ ایکٹ کے تحت اس بل کی منظوری سینٹ اور صدر پاکستان سے ضروری تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ کے پاس اسلام آباد کی حلقہ بندیاں کرنے کا کوئی اختیار نہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن غیر قانونی ہے۔

اس پر عدالت نے سوال اٹھایا کہ انہوں نے بل کو چیلنج کیا ہے یا نوٹیفکیشن کو۔ مبین الدین قاضی نے جواب دیا کہ ہم نے دونوں کو چیلنج کیا ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ وہ پارلیمانی کارروائی میں مداخلت نہیں کر سکتی۔ بعد ازاں عدالت نے سیکرٹری الیکشن کمیشن‘ سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری قومی اسمبلی سمیت دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل بدھ کو جواب طلب کر لیا۔