پارٹنر سکولوں کے ماہانہ واجبات میںآ ئندہ مالی سال سے سو روپے فی طالب علم اضافہ کیا جائیگا‘ انجینئر قمر الاسلام راجہ

پیر 15 جون 2015 16:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر سکولوں کے ماہانہ واجبات میںآ ئندہ مالی سال سے سو روپے فی طالب علم اضافہ کیا جائے گاتاکہ طالب علموں کو زیادہ بہترتعلیمی سہولتیں مہیا ہو سکیں ۔ اسی طرح لیپ ٹاپ ، سولر لیمپس اور انڈوومنٹ فنڈ جیسے مفید منصوبوں میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے طالب علموں کو بھی شامل کیا جائے گا ۔

ان اقدامات کا مقصد پارٹنر سکولوں اور ان کے طالب علموں کی بھرپور حوصلہ افزائی ہے جس سے فروغ تعلیم کی مہم کو مزید تیز تر کرنے میں مدد ملے گی ۔ یہ بات چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن انجینئر قمر الاسلام راجہ نے ملتان آرٹس کونسل ہال میں منعقدہ پارٹنر سکولوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں ڈیرہ غازی خان ، مظفر گڑھ اور رحیم یار خان میں ایجوکیشن وؤچر سکیم سے منسلک سکول مالکان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

قمر الاسلام نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے نجی سکولوں کو ساتھ ملا کر صوبے میں ہر مستحق بچے کو حصول تعلیم کا موقع دیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب ایگزامینیشن کمیشن اور بورڈ امتحانات میں پوزیشن لینے والے طالب علموں اور ان کے اساتذہ کے لیے ترغیبات رکھی جائیں گی تاکہ تعلیمی مسابقت کی صحت مندفضا ابھرے ۔ اسی طرح پارٹنر سکولوں کو کمپیوٹرز کی خریداری کے لیے سافٹ لون بھی دیے جائیں گے ۔

انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پیف نے 17لاکھ مستحق طالب علموں کو مفت تعلیم کا موقع دیا ہے ، ان میں 45فیصد لڑکیا ں ہیں ۔پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن جنوبی اضلاع کی سب سے بڑی تعلیمی تحریک ہے جس نے بچوں کے ہاتھوں میں کتاب اور قلم تھمایا ہے ۔ تقریب سے ریجنل ڈائریکٹر شفیق احمد اور ڈائریکٹر (ای وی ایس ) ثمینہ نواز نے بھی خطاب کیا ۔ مختلف سکول مالکان نے پیف کے تعلیمی منصوبوں کو فروغ تعلیم میں اہم قرار دیا ۔

متعلقہ عنوان :