رمضان کی آمد پر امن کے قیام کو یقینی بنایا جائے،اظہر نقوی

پیر 15 جون 2015 15:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء)آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے تحت استقبال رمضان کا جلسہ نیو رضویہ سوسائٹی میں منعقد ہوا جس سے خطاب کے دوران علامہ اظہر حسین نقوی نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد پر امن کے قیام کو یقینی بنایا جائے اور مہنگائی کو کنٹرول کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے،بے یقینی کی صورتحال کا خاتمہ ہو اور دہشت گردی کا سد باب بھی ہونا چاہیئے۔

کیونکہ یہ مقدس مہینہ ہمیں استقامت کا درس دیتا ہے لہٰذا ہمیں ایکدوسرے کو برداشت کرنا چاہیئے ۔

(جاری ہے)

مولانا ناظم علی آزاد ن ے کہا کہ اس پرآشوب دور میں جہاں بے گناہوں کے قتل کا سلسلہ جاری ہے ہمیں تعلیمات اسلامی کے اصولوں کو اپنانا ہوگا ،صغیر عابد رضوی نے کہا کہ فرقہ واریت کے خاتمے اور ہم آہنگی کے قیام کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔تاکہ خدا اور اس کا رسولﷺ ہم سے راضی ہو جائے۔جلسے سے سہیل مرزا ،سید علی اوسط ،حسن صغیر عابدی اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور رمضان کے پروگراموں کو حتمی شکل دی گئی،اس موقع پر حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کریں ۔کانفرنس میں ماتمی انجمنوں کے علاوہ اسکاوٴٹس گروپس اور مسجد و امام بارگاہوں کے متولی حضرات نے شرکت کی۔