دشمن کی جیلوں میں قید وبند کی صعوبتیں جھیلنے والے تحریک آزادی کا ہراول دستہ پوری قوم کے ہیرو ہیں،الشیخ رائد صلاح

پیر 15 جون 2015 14:43

جنین (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء)اسلامی تحریک کے سربراہ ، بزرگ فلسطینی لیڈر الشیخ رائد صلاح نے کہا ہے کہ صہیونی دشمن کی جیلوں میں قید وبند کی صعوبتیں جھیلنے والے تحریک آزادی کا ہراول دستہ پوری قوم کے ہیرو ہیں، اسیران کی لازوال قربانیوں کو کسی صورت میں فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

الشیخ رائد صلاح نے یہ بات اسرائیل جیل میں بھوک ہڑتال کرنیوالے فلسطینی الشیخ خضرعدنان کے اہل خانہ سے ملاقات کے موقع پر کہی، الشیخ صلاح نے بھوک ہڑتالی اسیر کے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ 1948 ء کے مقبوضہ علاقوں کے فلسطینی عدنان کیساتھ اور ان کی بھوک ہڑتال کی حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صہیونی ریاست کے جبر وتشدد کا سامنا کرنیوالوں میں الشیخ عدنان منفرد مثال ہیں۔ انہوں نے اپنی جرات ،بہادری سے صہیونی دشمن کے سامنے حق اور سچ کہنے کاجذبہ پوری قوم کو دیا۔الشیخ صلاح نے کہا کہ ظلم کی سیاہ رات اب ختم ہو رہی ہے۔ وہ وقت زیادہ دور نہیں جب اسرائیلی عقوبت خانوں میں پابند سلاسل ہزاروں فلسطینی آزادی کی فضاؤں میں سانس لے رہے ہونگے۔