مسلم لیگی کارکنوں کی کالے قانون کے تحت جیل منتقلی کی مذمت

پیر 15 جون 2015 14:29

سرینگر ۔ 15 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) مقبوضہ کشمیرمیں جموں وکشمیر مسلم لیگ نے پارٹی کارکنوں کی بدنام زمانہ کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل منتقلی کی شدید مذمت کی ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مسلم لیگ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ قابض انتظامیہ نے پارٹی کے کارکنوں جاوید احمد نجار اور سہیل احمد کول کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت بالترتیب ڈسٹرکٹ جیل کپواڑہ اور سرینگر سنٹرل جیل منتقل کردیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے انتظامیہ کی اس کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ایسے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو کمزور نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی حریت پسندوں کے جذبہ حریت کو توڑا جاسکتا ہے ۔انہوں نے واضح کیاکہ بھارت اور اس کے مقامی آلہ کاروں کو یہ بات اچھی طرح جان لینی چاہیے کہ کشمیر ی عوام نے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور وہ اپنی جدوجہد آزادی کوہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :