سینٹ قائمہ کمیٹی صنعت و پیداواراجلاس؛ ملک کے دور افتادہ علاقوں میں یوٹیلیٹی سٹورز میں آٹا ، چینی و گھی سمیت مختلف اشیائے ضروریہ کی قلت پر تشویش

پیر 15 جون 2015 14:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار نے ملک کے دور افتادہ علاقوں میں قائم یوٹیلیٹی سٹورز میں آٹا ، چینی اور گھی سمیت مختلف اشیائے ضروریہ کی قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے رمضان المبارک کے دوران مانیٹرنگ کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے اور ملک کے پسماندہ علاقوں مؤں 5 ہزار نئے سٹورز کھولنے ، تمام سٹورز پر خریداری اور سپلائی کے نظام کو کمپیوٹرائزڈ کرنے اور رمضان المبارک کے دوران تمام اشیائے خورد و نوش کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے فوری اقدامات کرنے کی سفارش کی ہے کمیٹی کا اجلاس سینیٹر ھدایت اللہ کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا ۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے یوٹیلیٹی سٹورز کے مینجنگ ڈائریکٹر سلطان محمود نے بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران آٹا ، گھی ، تیل ، چینی ، دالیں اور مصالحہ جات سمیت 18 اشیائے ضروریہ پر خصوصی رعایت دی جا رہی ہے اور یہ رعایت یوٹیلیٹی سٹورز پر صارفین کو ملنے والی روزمرہ کی رعایت کے علاوہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ رمضان پیکج کے موقع پر حکومت عوام کو ایک ارب 30 کروڑ روپے سے ایک ارب 50 کروڑ روپے تک سبسڈی دے رہی ہے اور وزارت خزانہ نے سبسڈی کی مد میں ای ک ارب روپے فراہم کر دیئے ہیں

انہوں نے بتایا کہ رمضان پیکج کے علاوہ یوٹیلیٹی سٹورز کو ایک ہزار اشیائے صرف پر 5سے 10فیصد رعایت دے رہی ہے جو مختلف اشیاء پر 2 روپے سے لے کر 10 روپے تک کی رعایت بنتی ہے انہوں نے بتایا کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹا ، چینی ، چاول اور دیگر اشیائے ضروریہ کی وافر مقدار موجود ہے اور رمضان المبارک کے دوران کسی چیز کی قلت کی شکایت نہیں ہو گی ۔

انہوں نے بتایا کہ اپریل کے مہینے میں بارشوں سے دال چنا کی فصل متاثر ہوئی تھی جس کی وجہ سے دال چنا کی قمتیں مارکیٹ میں بڑھ چکی ہیں تاہم یوٹیلیٹی سٹورز پر رعایتی قیمت پر دستیاب ہوں گی ۔ اس موقع پر رکن کمیٹی سینیٹر خالدہ پروین نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے پسماندہ اور غریب ترین اضلاع میں یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیائے ضروریہ کی قلت کی شکایات آئی ہیں تمام یونین کونسلوں میں یوٹیلیٹی سٹورز بنائے جائیں چیئرمین کمیٹی سینیٹر ھدایت اللہ نے کہا کہ بلوچستان اور فاٹا کے علاقوں میں بھی یوٹیلیٹی سٹورز کی ضرورت ہے اور وہاں پر موجود یوٹیلیٹی سٹورز سے اشیائے ضروریہ کی قلت کی شکایات آئی ہیں ان کو دور کیا جائے انہوں نے سٹور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران ملک کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیائے ضروریہ کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے بھرپور اقدامات کئے جائیں ۔

متعلقہ عنوان :