چار برسوں کے دوران 2ملین افرادی قوت تیار کی جائیگی،ٹیوٹاکی جانب سے نئے شارٹ کورسز کا آغاز ایک احسن اقدام ہے ‘ عرفان الٰہی

پیر 15 جون 2015 14:00

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء)چار برسوں کے دوران 2ملین افرادی قوت تیار کی جائے گی۔ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا)صوبہ پنجاب میں فنی تعلیم و تربیت فراہم کرنے والا سب سے بڑا ادارہ ہے جواس ٹارگٹ کے حصول کیلئے اپنا اہم کردار ادا کرے گی، ٹیوٹا کی جانب سے مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق نئے شارٹ کورسز کا آغاز ایک احسن اقدام ہے کیونکہ ماضی میں ٹیوٹا کی جانب سے جو کورسز کروائے جا رہے تھے وہ انڈسٹری کی ضروریات کو پورا نہیں کر رہے تھے۔

ان خیالات کا اظہار چیئر مین پی اینڈ ڈی عرفان الٰہی نے ٹیوٹا سکلز ایکسپو کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ ، چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی، جنرل منیجرز عبدالقیوم، حامد غنی انجم، اظہر اقبال شاد،اختر عباس بھروانہ اور دیگر ٹیوٹا افسران کے علاوہ طلباء و طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

عرفان الٰہی نے کہا کہ اس وقت ملک کی 60فیصد آبادی تیس سال سے کم ہے ۔ اس آبادی کو روزگار کی ضرورت ہے۔

اگرانہیں روزگار نہ ملا تو وہ خدشہ ہے کہ وہ ملکی مفادات کے برعکس کاموں میں ملوث نہ ہو جائیں۔ ہمیں ان نوجوانوں کو ملک کا کار آمد شہری بنانے کیلئے فنی تعلیم کی طرف راغب کر نا ہو گا تاکہ وہ شارٹ کورسز میں داخلہ لے کر جلد ہنر سیکھیں اور معاشرے کا ایک مفید شہری بنیں۔

حکومت کی کوششیں اپنی جگہ پر ہیں مگر جتنی دیر پرائیویٹ سیکٹر اپنا موثر کردار ادا نہیں کرے گا اس وقت تک ہم اس ہدف کو حاصل نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی ضروریات کے مطابق جدید کورسز کا آغاز وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ حکومت ٹیوٹا کو اس مشن کو کامیابی سے چلانے کیلئے مکمل تعاون کریگی۔ ہمیں ملکر صوبہ بھر میں فنی تعلیم کے فروغ کیلئے کام کرنا ہوگا تاکہ بے روزگاروں کو روزگار کے یقینی مواقع میسر ہو اور ملک میں بیروزگاری کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا 10فیصد حصہ فنی تعلیم حاصل کرتا ہے جبکہ بھارت کی 25فیصد نوجوان نسل اس طرف راغب ہے۔ ٹیوٹا سکلز ایکسپو کے انعقاد کا مقصد عوام کو اور خصوصا نوجوان نسل میں ہنر مندی کے شعور کو اجاگر کرنا ہے ۔ اس نمائش سے مثبت نتائج آئیں گے کیونکہ نوجوان نسل کی کثیر تعداد نے شرکت کرکے ٹیوٹا میں زیر تربیت افرادی قوت کے بنائے گئے پراجیکٹس پر خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔

ہم اس سلسلے کومزید آگے بڑھاتے ہوئے سکلز ایکسپو کا انعقاد دوسرے شہروں میں بھی کرینگے تاکہ ان شہروں میں مقیم نوجوان کوفنی تعلیم کی اہمیت کے بارے میں شناسائی ہو اور نوجوان فنی تعلیم کو حاصل کرنے کیلئے رجوع کریں۔ ہم نے نوجوان نسل کو ہنر مند بنانا ہے تاکہ وہ ملک کی بربادی کی بجائے ترقی کی راہوں پر گامزن کرنے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں۔