سوپور میں جاری ہلاکتوں کے پیچھے کوئی خفیہ ایجنڈا کارفرما ہے‘ میر واعظ

پیر 15 جون 2015 13:07

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) کل جماعتی حریت کانفرنس ”ع“ گروپ کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ سوپور میں جاری ہلاکتوں کے پیچھے کسی نہ کسی کا کردار ہے اور اس تناظر میں حکومت کو نہ صرف وضاحت پیش کرنا ہو گی بلکہ یہ بھی واضح کرنا ہو گا کہ ایسی ہلاکتیں کیوں ہو رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کو غیر سنجیدگی سے نہیں لیا جا سکتا بلکہ یہ چیز دیکھنی ہو گی کہ اس حقیقت کے باوجود کہ حکومت کی جانب سے ان کی مذمت کی جا رہی ہے اور حکومت کا دعویٰ ہے کہ نہ صرف سیکیورتی انتظامات بلکہ احتیاتی تدابیر بھی اٹھائے گئے ہیں۔ یہ ہلکاتیں کیوں کر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بھی دیکھنا ہو گا کہ کیا حکومت لوگوں کے تحفظ کے لئے سب کچھ کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم یہ بدقسمتی کا مقام ہے کہ عام شہری مارے جا رہے ہیں۔ ایسا لگ رہا ہے کہ کسی نہ کسی کا رول اس میں ہے۔ ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ کون اس میں ملوث ہے لیکن حقیقت میں یہ ہلاکتیں بھارتی وزیر دفاع کے اس بیان جس میں ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا توڑ دہشت گردی سے کرنا ہے کے بعد ہو رہی ہیں۔ ایسے بیان کو سرسری طور نہیں لیا جا سکتا۔ میں سمجھتا ہوں کہ حکومت کو بہت کچھ وضاحت پیش کرنا ہو گی۔

اور یہ وضاحت بھی دینی ہو گی کہ کیوں ایسی ہلاکتیں ہو رہی ہیں۔ سوپور میں ہوئی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے میر واعظ نے کہا کہ معاملے کی تہہ تک جانے کی ضرورت ہے کہ کیوں بے گناہوں کو ٹارگٹ بنایا جا رہا ہے۔ نامہ نگاروں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ہم محسوس کرتے ہیں کہ اس کے پیچھے کوئی خفیہ ایجنڈا لگ رہا ہے کوئی پالیسی لگ رہی ہے جو یہاں خانہ جنگی کا ماحول پیدا کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ میر واعظ نے کہا کہ اس کے لئے تحریک نواز جماعتوں کو سوچنا ہو گا کہ کیسے اس حوالے سے کوئی مشترکہ حکمت عملی مرتب کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ افراد کا قتل عام کسی بھی طور جائز نہیں ہے۔