بارش نے بھارتی ٹیم سے ٹیسٹ رینکنگ میں تیسری پوزیشن چھین لی

پیر 15 جون 2015 13:00

بارش نے بھارتی ٹیم سے ٹیسٹ رینکنگ میں تیسری پوزیشن چھین لی

فتح اﷲ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار15جون۔2015ء) آئی سی سی کی تازہ ترین ٹیسٹ درجہ بندی کے مطابق بھارت کے دو ریٹنگ پوائنٹس کم ہونے کے باعث ہندوستانی ٹیم کو ایک درجہ تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ بنگال ٹائیگرز کے خلاف واحد ٹیسٹ سے قبل بھارت کے 99 ریٹنگ پوائنٹس تھے تاہم بے رحم موسم اور آسمان سے برستی بارش نے بھارت کے ارمانوں پر خوب پانی ڈالا جس کے بعد بھارتی ٹیم کے انگلینڈ اور پاکستان کی طرح 97 ریٹنگ پوائنٹس ہو گئے ہیں ۔

بھارت کے مجموعی ریٹنگ پوائنٹس 97.47 ہیں جبکہ انگلینڈ نے 97.33 پوائنٹس اور پاکستان نے 96.75 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں ۔ سری لنکا مذکورہ تینوں ٹیموں سے ایک پوائنٹ پیچھے ہونے سے ساتویں نمبر پر موجود ہے ۔ پاکستان ٹیسٹ درجہ بندی میں چھٹی پوزیشن پر ہے جبکہ انگلینڈ نے ٹاپ فائیو ٹیموں میں جگہ بنا رکھی ہے ۔

(جاری ہے)

ویسٹ انڈیز کو 84ریٹنگ پوائنٹس کی بدولت آٹھویں پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا۔

ٹیسٹ میچ ڈرا ہونے پر بنگلہ دیش کو دو ریٹنگ پوائنٹس ملے جس کی بدولت مجموعی پوائنٹس 41ہوگئے تاہم ان کی پوزیشن میں کوئی تبدیلی دیکھنے میں نہیں آئی اور وہ بدستور نویں پوزیشن پر فائز ہے ۔ جنوبی افریقہ130پوائنٹس لے کر پہلی، آسٹریلیا108پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور نیوزی لینڈ 99پوائنٹس لیکر تیسری پوزیشن پر براجمان ہے ۔

متعلقہ عنوان :