جنوبی کوریا میں مرس سے ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی ‘پانچ نئے کیسز کی بھی تشخیص ہوئی ہے ‘حکام

پیر 15 جون 2015 12:37

سینئول (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء)جنوبی کوریا میں مرس یامڈل ایسٹ ریسپیریٹری سنڈروم سے ایک اور مریض کی ہلاکت کے بعد ملک میں اس مرض سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔حکام کے مطابق جنوبی کوریا میں پانچ نئے کیسز کی بھی تشخیص ہوئی ہے۔حکام کے مطابق جنوبی کوریا میں 150 لوگوں کو یہ وائرس منتقل ہوچکا ہے یہ مشرقِ وسطیٰ سے باہر کسی ملک میں ’مرس‘ کے پھیلاوٴ کا سب سے بڑا واقعہ ہے۔

دوسری جانب سلواکیا میں ایک جنوبی کوریائی شخص میں مرس کے وائرس کی تشخیص کے ٹیسٹ منفی آئے ۔تین جون کو سلواکیا کے دارالحکومت براٹسلاوا پہنچنے کے بعد 38 سالہ شخص میں اسہال، بخار اور جلد پر نشانات کی علامات ظاہر ہوئی تھیں۔خون کے چار ٹیسٹوں میں سے تین کے نتائج منفی آئے تاہم چوتھا ٹیسٹ تاحال واضح نہیں اس لیے حکام کا کہنا ہے کہ وہ مزید ٹیسٹ کریں گے۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق یہ شخص جنوبی کوریا کی کار بنانے والی کمپنی کیا کے ایک سب کنٹریکٹر کیلئے کام کرتا ہے۔اس سے قبل جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں ایک ہسپتال نے اس اطلاع کے بعد کہ وہ ملک میں مڈل ایسٹ ریسپریٹری سنڈروم (مرس) بیماری کے آدھے سے زیادہ کیسز کی وجہ ہے اپنی زیادہ تر سروسز معطل کر دیں۔سام سنگ میڈیکل سینٹر کے صدر نے عوام سے معافی مانگی تھیسام سنگ میڈیکل سینٹر کے صدر سونگ جائی ہون نے رپورٹروں کو بتایا کہ ہسپتال نئے مریضوں کو داخل نہیں کر رہا اور نہ ہی آوٴٹ پیشنٹس میں مریضوں کا علاج کر رہا ہے۔

ہسپتال کے مطابق وہ ایسا اس لیے کر رہا ہے تاکہ یہ انفیکشن مریضوں اور طبی عملے میں مزید نہ پھیل جائے۔انھوں نے کہا کہ یہ سب ہماری ذمہ داری اور ناکامی ہے کیونکہ ہم نے ایمرجنسی روم سٹاف کا درست طریقے سے انتظام نہیں کیا تھا انھوں نے کہا کہ سروسز پر پابندی پر نظرِ ثانی 24 جون کو کریں گے۔ہسپتال ذرائع کے مطابق 70 سے زیادہ کیسز کا تعلق ہسپتال سے ملتا ہے۔دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے بھی تنبیہ کرتے ہوئے مرس وائرس کو بڑی اور پیچیدہ وبا قرار دیا ہے۔واضح رہے کہ مرس یا مڈل ایسٹ ریسپیریٹری سنڈروم‘ مشرق وسطی کے تنفس کے مسائل کا مخفف ہے یعنی یہ مرض اس علاقے سے مخصوص ہے، اس بیماری کے سب سے زیادہ مریض سعودی عرب اور مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک میں سامنے آئے ہیں۔