امریکی حکام نے گوانتا نا موبے جیل میں قید چھ افراد کو عمان کے حوالے کر دیا
تازہ ترین : 1

امریکی حکام نے گوانتا نا موبے جیل میں قید چھ افراد کو عمان کے حوالے کر دیا

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) امریکی صدر باراک اوباما کی جانب سے گوانتانامو بے جیل کو بتدریج بند کرنے کے حوالے سے اقدامات اٹھاتے ہوئے امریکی حکام نے جیل کے 6 قیدیوں کو عمان حکام کے حوالے کردیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ امریکہ ‘ عمان حکومت کا شکر گزار ہے کہ انہوں نے انسانی بنیادوں پر گوانتانامو بے جیل کو بند کرنے کے فیصلے میں امریکہ کو مدد فراہم کی عمان حکام کے حوالے کیے جانے والے قیدیوں میں ادریس احمد، سرفراز احمد، جلیل سلمان، وعد نصیر، عماد عبداللہ حسن، اور محمد علی سلیم شامل ہیں۔

عمان کی وزارت خارجہ کے مطابق تمام قیدیوں کا تعلق عمان سے ہے بیان میں وزارت خارجہ نے بتایاکہ یہ تمام قیدی عارضی قیام کیلئے عمان بھیجے گئے ہیں۔ تاہم انہوں نے ان قیدیوں کے سفر کے حوالے سے تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔ قیدیوں کی عمان حوالگی کے باوجود کیوبا میں قائم گوانتا نامو بے جیل میں 116 قیدی موجود ہیں۔ خیال رہے کہ جیل کو بند کرنے کے اعلان کے بعد امریکہ کی جانب سے حالیہ قیدیوں کی عمان حوالگی رواں سال میں دوسری منتقلی ہے اس سے قبل جنوری میں 4 قیدیوں کو عمان کے حوالے کیا گیا تھا 2014ء کے دوران گوانتا نامو بے جیل سے 28 قیدیوں کو دیگر ممالک کے حوالے کیا گیا تھا۔

امریکی کانگریس کی جانب سے جیل کو بند کرنے کے لیے اقدامات کے بعد اوباما حکومت نے اپنے قیدیوں کو تسلیم کرنے والے ممالک کو ان کی حوالگی کا فیصلہ کیا تھا۔یاد رہے کہ مذکورہ جیل امریکہ میں 11 ستمبر 2001ء میں ہونے والے دہشت گردی کے حملوں کے بعد قائم کی گئی تھی تاہم انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے جیل کے قیام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کو قانونی بلیک ہول کا نام دیا تھا۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 15/06/2015 - 12:37:16

متعلقہ عنوان :

اپنی رائے کا اظہار کریں