لاہور ہائیکورٹ نے معذور افراد کی نوکریوں کے لئے بجٹ میں فنڈز فراہم نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 15 جون 2015 11:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 جون۔2015ء) درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی یقین دہانیوں کے باوجود نابینا افرادکو ان کے منظور شدہ تین فیصد کوٹے کے مطابق نوکریاں فراہم نہیں کی جا رہیں جو کہ بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تین فیصد کوٹے کے تحت معذور افراد کی وفاق میں چار ہزار سے زائد اور پنجاب میں پینتیس سو سے زائد آسامیاں خالی ہیں مگر حکومتی نااہلی کی وجہ سے نابینا افراد سڑکوں پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں آسامیاں خالی ہونے کے باوجود معذور افراد کی خالی آسامیوں کو پر کرنے کے لئے بجٹ میں فنڈز مختص نہیں کئے گئے ۔جس پر عدالت نے معذور افراد کے کوٹے پر عمل درآمد کے حوالے سے وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب کو انیس جون کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔