اسلام آباد : نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں کانووکیشن کی تقریب، صدر مملکت ممنون حسین کی شرکت

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 15 جون 2015 11:13

اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 15 جون 2015 ء) : نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں کانووکیشن کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر مملکت ممنون حسین نے بطور خصوصی مہمان شرکت کی، صدر مملکت نے گریجویشن کرنے والے طلبا میں اسناد تقسیم کیں ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممنون حسین کا کہنا تھا کہ کامیابی سے گریجویٹ ہونے والے طلبا کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ، ممنو ن حسین کا کہنا تھا کہ کورس قومی سلامتی سے متعلق حکمت عملی وضع کرنے میں مدد دیتا ہے، پاک افواج نے ملکی دفاع میں بہت سی قربانیاں دی ہیں.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ بھارت پاک چین اقتصادی راہداری کو کامیاب ہوتے نہیں دیکھنا چاہتا اور اس کا اندازہ بھارت کے نا مناسب رد عمل سے ظاہر ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں دانشمندی سے اس منصوبے کے خلاف مذموم مقاصد کو ناکام بنانا ہے، پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اگر کوئی کوتاہی کی تو ہم اپنی منزل کھو بیٹھیں گے. صدر مملکت کا کہنا تھا کہ تمام نوجوانوں کو یہی پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ملک و قوم اور حکومت کے ساتھ سینہ سپر ہو کر ڈٹ جائیں کیونکہ پاکستان کی عوام بھی امن اور خوشحالی چاہتی ہے.