متحدہ قومی موومنٹ کی صوبے میں شٹر ڈاون ہڑتال کا اعلان کے بعد شہر کے بعض علاقوں میں کاروبار بند رہا، بیشتر علاقوں میں دکانیں کھلی رہیں

اتوار 14 جون 2015 17:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 جون۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کی صوبے میں شٹر ڈاون ہڑتال کا اعلان کے بعد شہر کے بعض علاقوں میں کاروبار بند رہا تاہم بیشتر علاقوں میں دودھ ، بیکری اور حلوہ پوری کی دکانیں کھلی رہیں۔ اتوار کے باعث شہر کے شاپنگ سینٹرز ویسے ہی تاخیر سے کھلتے ہیں اس لیے شہریوں نے ہڑتال کا نوٹس نہیں لیا ہے تاہم سی این جی اسٹیشن اور پیٹرول پمپس بیشتر علاقوں میں بند اور بعض میں کھلے رہے ہیں ، پبلک ٹرانسپورٹ بھی ایک بجے تک جزوی چلتی رہی ہے ، اتوار بچت بازار بند تھے۔

متحدہ قومی موومنٹ نے نئے مالی سال کے لیے سندھ کے بجٹ میں شہری علاقوں کو مبینہ طور پر نظر انداز کرنے پراتوار دوپہر ایک بجے تک تاجروں اور ٹرانسپورٹرز سے دکانیں اور گاڑیاں بند رکھنے کی اپیل کی تھی۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کی اپیل پر کراچی کے بعض علاقوں میں صبح کھلنے والی دکانیں ، سی این جی اسٹیشنز ، پیٹرول پمپ اور اتوار بچت بازار بھی بند تھے تاہم بیشتر علاقوں میں دودھ ، بیکر ی اور حلوہ پوری کی دکانیں کھلی رہیں اور شہری خریداری کرتے رہے تھے تاہم ٹرانسپورٹ بھی معمول سے کم تھا۔

گلبرگ ، نیو کراچی ، نارتھ کراچی ،ناظم آباد اورعزیزآباد اور دیگرعلاقوں میں دکانوں پرتالے پڑے ہیں تھے ۔کھاردار، گلشن اقبال، گلستان جوہر، شاہ فیصل کالونی ، قائد آباد، صفور ہ گوٹھ ، بنارس،نارتھ ناظم آباد ، صدر،میٹھادر اور دیگر علاقوں میں صبح کھولنے والے ہوٹل کھلے تھے۔