پمز میں 4 مہینے سے زائد عرصے سے ٹینڈر منظور ہونے کے باوجود تاحال مین ایکسچینج اور ایئر کنڈیشن پلانٹ خراب

اتوار 14 جون 2015 17:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 جون۔2015ء) وفاقی دارالحکومت کے واحد بڑے ہسپتال پاکستان انسٹیٹوٹ آف میڈیکل سائینسز ( پمز) میں 4 مہینے سے زائد عرصے سے ٹینڈر منظور ہونے کے باوجود تاحال مین ایکسچینج اور ایئر کنڈیشن پلانٹ خراب پڑے ہوےء ہیں نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن ( این ٹی ایس ) کو ٹھیکہ ملنے کے باوجود کام شروع کرنے میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے جبکہ ہسپتال انتظامیہ بھی آنکھیں بند کر کے بیٹھی ہوئی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پمز ہسپتال میں گزشتہ 2 سال سے مین ایکسچینج خراب پڑی ہوئی ہے جبکہ تین سال سے زائد عرصے سے ایئرکنڈیشن پلانٹ خراب ہونے کی وجہ سے مریضوں اور ڈاکٹروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ گرمی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے پمز کے مختلف وارڈز میں حبس کے بڑھ جانے کی وجہ سے اکثر مریض شام کو ہسپتال کے صحن میں کھلی ہوا میں بیٹھنے پر مجبور ہو گئے ہیں جبکہ مین ایکسچینج کی خرابی کی وجہ سے ایمرجنسی اور وارڈ میں موجود ڈاکٹرز کو کمیونیکیشن کی وجہ سے گھنٹوں تک اطلاع نہ ملنے پر مریضوں کو بھی کافی دقت کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

ایمرجنسی میں موجود ڈاکٹرز شام کے وقت مختلف وارڈز میں مریضوں کو دیکھنے چلے جاتے ہیں جس کی وجہ سے انٹر کام سہولت خرابی کے باعث دوبارہ ایمرجنسی آنے میں دیر لگ جاتی ہے اس سلسلے میں جب ہسپتال انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ این ٹی سی کو مین ایکسچینج کا ٹھیکہ دیا گیا ہے اور اس کے لئے پیسے بھی منظور ہو چکے ہیں ایئرکنڈیشن پلانٹ کا بھی ٹینڈر ہو چکا ہے جس پر بہت جلد کام شروع کیا جائے گا ۔