پوٹھوہار میں انگور کاشت پر توجہ دیکر پیداوار خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکتا ہے،ترجمان محکمہ زراعت

کاشتکار باغات کی دیکھ بھال کریں، پھل کی برداشت دانے کا پورا سائز ہونے پر کی جائے ، ترجمان

اتوار 14 جون 2015 16:52

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جون۔2015ء) محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ پوٹھوہار میں انگور کی کاشت پر توجہ دیکر پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکتا ہے ۔ انگور کے کاشتکار باغات کی مناسب دیکھ بھال کریں۔ ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ اس وقت انگور کا پھل تیار ہو رہا ہے تاہم موسم گرما میں ہونیوالی بارشیں انگور کے پھل کیلئے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہیں کیونکہ زیادہ نمی کی وجہ سے پھل پھٹ جاتا ہے اور اسے پھپھوندی لگ جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انگور کے پودوں کو دوسرے پھلدار پودوں کی نسبت کم پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ کاشتکار موسم گرما میں پودوں کو 10 تا 15 دن کے وقفہ سے آبپاشی کریں جبکہ موسم برسات میں آبپاشی کے وقفے کو بڑھایا جائے۔ انگور کے کاشتکار پھل پکتے وقت آبپاشی بند کریں کیونکہ اس سے پھل کے پکنے میں تاخیر اور پھل کی نشوونما اور سائز بھی متاثر ہوتا ہے۔ انگور کے پھل کی برداشت دانے کا پورا سائز ہونے پر کی جائے اور گچھوں کو قینچی سے کاٹ کر برداشت کیا جائے اور انہیں ٹوکری یا کریٹ میں اس طرح رکھا جائے کہ وہ زخمی نہ ہو۔