پنجاب میں 2017ء کے اختتام تک 2620میگا واٹ کے منصوبے پیداوار شروع کر دینگے‘ پارلیمانی سیکرٹری خزانہ

ساہیوال میں 1320میگا واٹ کے کوئلے سے چلنے والے بجلی گھر کی تعمیر پر 180ارب روپے لاگت آئیگی ‘رانا بابر حسین

اتوار 14 جون 2015 16:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جون۔2015ء) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا بابرحسین نے کہا ہے کہ ساہیوال میں 1320میگا واٹ کے کوئلے سے چلنے والے بجلی گھر پر کام کا آغاز ہو چکا ہے جس پر 180ارب روپے لاگت آئیگی، شمسی توانائی پر مبنی ” قائد اعظم سولر پارک ‘ ‘ قائم کیا جا چکا ہے جہاں سے ایک سو میگا واٹ بجلی حاصل کی جا رہی ہے اس سولر پارک میں مزید نو سو میگا واٹ کا شمسی توانائی کا منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے اور اس منصوبے پر تقریباً 135ارب روپے لاگت آئے گی اور یہ منصوبہ اگلے سال مکمل ہو جائے گا ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے نتیجے میں جنوبی پنجاب میں نہ صرف معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ صنعتی اور زرعی شعبے میں علاقے کے عوام کے لئے روزگار کے بے شمار مواقع میسر آئیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنڈ دادن خان کے مقام پر تین سو میگا واٹ بجلی کا پراجیکٹ بجلی کا پراجیکٹ لگایا جا رہا ہے ،45ارب روپے مالیت کے اس منصوبے میں بجلی پیدا کرنے کے لئے مقامی کوئلہ استعمال کیا جائے گا ۔

تینوں منصوبے 2017ء کے اختتام تک 2620میگا واٹ بجلی پیدا کرنا شروع کر دیں گے ۔ حکومت پنجاب بھکھی ، ضلع شیخوپورہ میں ایک سو دس ارب کی لاگت سے گیس سے چلنے والا ایک ہزار دو سو میگاواٹ کا پاور پلانٹ شروع کر رہی ہے ۔ یہ منصوبہ انشا اللہ ابتدائی مرحلے میں مارچ2017میں بجلی فراہم کرنا شروع کر دے گا اور 2017کے آخر تک اس منصوبے سے مکمل استعدادکے مطابق بجلی حاصل کی جا سکے گی ۔

متعلقہ عنوان :