شہریوں نے حکومت پنجاب کے بجٹ 2015-16 کو عوام دوست، فلاحی اور متوازن قرار دیدیا

سڑکوں کی تعمیر، آبپاشی کی بہتری، صاف پانی پروگرام ،مفت نصابی کتابیں عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔سروے رپورٹ

اتوار 14 جون 2015 15:54

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 جون۔2015ء) شہریوں کی اکثریت نے حکومت پنجاب کے بجٹ 2015-16 کو عوام دوست، فلاحی اور متوازن قرار دیدیا۔ ایک سروے کے مطابق عوام نے صحت، تعلیم، انرجی،انفراسٹرکچر اور روزگار کی فراہمی کے منصوبے کیلئے خطیر رقم مختص کرنے پر وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ سروے کے مطابق غریب عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ نہ ڈالنے اور ٹیکس نہ دینے والے صاحب حیثیت افراد کو ٹیکس نیٹ ورک میں لانے کو مجموعی طور پر اچھا اقدام قرار دیاگیاہے۔

عوام نے بجلی کے دیرینہ بحران کے خاتمے کیلئے حکومت پنجاب کی مسلسل کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ توانائی کی پیداوار کے منصوبوں ،تعلیم کے فروغ ، سکلڈ ڈویلپمنٹ، خواتین کو خودمختار بنانے ، صحت عامہ اور امن و امان کے قیام کیلئے خطیر رقوم مختص کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

طلباء کی بڑی تعداد نے حکومت پنجاب کی جانب سے انٹرنیٹ کے استعمال پر ٹیکس عائد نہ کرنے کے اقدام کو خصوصی طور پر سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس تعلیم دوست اقدام سے تحقیق کا کلچر فروغ پائے گا۔عوام کی بڑی تعداد نے بجٹ کو فلاحی اور متوازن قرار دیتے ہوئے پائیدار معاشی ترقی کا پیش خیمہ قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ توانائی کی قلت کے خاتمے سے صنعتی و اقتصادی ترقی کے ساتھ ساتھ پنجاب کی اقتصادی شرح نمو میں 2فیصد تک اضافہ ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت، آبپاشی کی بہتری، صاف پانی پروگرام ،سکولوں میں مفت نصابی کتابوں کی تقسیم اور بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی وہ اقدامات ہیں جو براہ راست عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے میں مددگار و معاون ثابت ہوں گے۔