امریکہ: پاکستانی ڈاکٹروں کی نمائندہ تنظیم میں 2016ء کی کاغذات نامزدگی وصول

صدر کے لئے 4اور سیکرٹری کے عہدے کے لئے2 اْمیدواروں کے نام سامنے آگئے

اتوار 14 جون 2015 15:47

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 جون۔2015ء) امریکہ میں پاکستانی ڈاکٹروں کی نمائندہ تنظیم ایسوسی ایشن آف فزیشن آف پاکستانی ڈیسنٹ آف نارتھ امریکہ میں 2016ء کی مدت کے لئے ایگزیکٹو کمیٹی کے لئے خواہشمند اْمیدواروں سے کاغذات نامزدگی وصول کرنے کے بعد اب حتمی طور پر صدر کے عہدے کے لئے 4اور سیکرٹری کے عہدے کے لئے2 اْمیدواروں کے نام سامنے آگئے ہیں۔

سیکرٹری مالیات کے لئے ڈیلس، ٹیکساس کے معروف ڈاکٹر اور ’اپنا‘ ٹیکساس کے سابق صدر ڈاکٹر داؤد ناصر کی بلامقابلہ کامیابی متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس بار پہلی مرتبہ صدارت کے عہدے کے لئے 4اْمیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے، جن میں ڈاکٹر شاہد راشد ’ٹیکساس‘، ڈاکٹر ساجد چودھری ’اورلینڈو فلوریڈا‘، ڈاکٹر نسیم شیخ ’سینٹ لْوزمیزوری‘ اور ڈاکٹر طارق شہاب ’ورجینیا‘ سے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شاہد راشد اس وقت ’اپنا‘ کی ایگزیکٹو کمیٹی میں سیکرٹری کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں جبکہ ڈاکٹر ساجد 5سال قبل سیکرٹری منتخب ہوئے تھے۔ اس طرح ڈاکٹر طارق شہاب معروف پاکستانی فلمسٹار ریما خان کے شوہر ہیں، جبکہ پچھلے سال وہ انتخاب ہار گئے تھے۔ دوسری جانب ’اپنا‘ میں سیکرٹری کے عہدے کے لئے 2اْمیدوار سامنے آئے ہیں، جن میں ڈاکٹر ظفر اقبال ’فلوریڈا‘ اور ڈاکٹر رضوان خالد ’نیو یارک‘ سے شامل ہیں۔

ڈاکٹر ظفر اقبال ’اپنا‘ کی موجودہ ایگزیکٹو کمیٹی میں اس وقت سیکرٹری مالیات کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ اس بار ’اپنا‘ نارتھ ٹیکساس کے سابق صدر اور معروف کمیونٹی رہنماء ڈاکٹر داؤد ناصر جن کا تعلق ڈیلس ٹیکساس سے ہے، ان کے بلامقابلہ کامیابی کے امکانات متوقع ہیں، کیونکہ کاغذات نامزدگی کے لئے مقررہ تاریخ تک کسی نے بھی ان کے مقابلے میں کاغذات نامزدگی داخل نہیں کئے۔

’اپنا‘ کے عہدیداران اور سرگرم رہنماؤں کا خیال ہے کہ اس بار صدارت کے عہدے کے لئے اْمیدواروں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ 4اْمیدواروں کے ایک ساتھ سامنے آنے کے بعد اب تک یہ واضح نہیں ہو رہا ہے کہ کس اْمیدوار کی کیا پوزیشن ہے اور 2016ء کے انتخابات میں صدارت کا تاج کس کے سر بیٹھے گا، جس کے لئے زبردست جوڑ توڑ شروع ہو چکا ہے