پوٹھوہار میں انگور کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکتا ہے،ترجمان محکمہ زراعت پنجاب

اتوار 14 جون 2015 15:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 جون۔2015ء) محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان کے مطابق پوٹھوہار میں انگور کی کاشت پر توجہ سے کر پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکتا ہے اس لیے انگور کے کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ انگور کے باغات کی مناسب دیکھ بھال کریں۔ ترجمان نے کہا کہ اس وقت انگور کا پھل تیار ہو رہا ہے تاہم موسم گرما میں ہونے والی بارشیں انگور کے پھل کے لئے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہیں کیونکہ زیادہ نمی کی وجہ سے پھل پھٹ جاتا ہے اور اسے پھپھوندی لگ جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انگور کے پودوں کو دوسرے پھلدار پودوں کی نسبت کم پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ کاشتکار موسم گرما میں پودوں کو 10 تا 15 دن کے وقفہ سے آبپاشی کریں جبکہ موسم برسات میں آبپاشی کے وقفے کو بڑھایا جائے۔ انگور کے کاشتکار پھل پکتے وقت آبپاشی بند کریں کیونکہ اس سے پھل کے پکنے میں تاخیر اور پھل کی نشوونما اور سائز بھی متاثر ہوتا ہے۔ انگور کے پھل کی برداشت دانے کا پورا سائز ہونے پر کی جائے اور گچھوں کو قینچی سے کاٹ کر برداشت کیا جائے اور انہیں ٹوکری یا کریٹ میں اس طرح رکھا جائے کہ وہ زخمی نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :