تل میں 50 فیصد سے زیادہ اعلیٰ خصوصیات کا حامل خوردنی تیل اور 22 فیصد سے زیادہ پروٹین کی مقدار پائی جاتی ہے، بابر لطیف بلوچ

اتوار 14 جون 2015 14:58

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 جون۔2015ء)محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان بابر لطیف بلوچ نے کہا ہے کہ تل کم دورانیہ کی اہم تیلدار فصل ہے اور اس کے بیجوں میں 50 فیصد سے زیادہ اعلیٰ خصوصیات کا حامل خوردنی تیل اور 22 فیصد سے زیادہ پروٹین کی مقدار پائی جاتی ہے۔ تل کے بیجوں سے تیار کردہ خوردنی تیل کی خصوصیات بہت حد تک زیتون کے تیل سے مماثل ہیں اور اس کا استعمال ادویات سازی اور بیکری مصنوعات میں بھی کیا جاتا ہے۔

کاشتکار تلوں کی کاشت کیلئے پنجاب میں منظور شدہ اقسام TH-6 ، TS-3 اور TS-5 کاشت کریں۔

(جاری ہے)

تل کی یہ منظور شدہ اقسام فی ایکڑ زیادہ پیداواری صلاحیت کی حامل ہونے کے علاوہ کیڑوں اور بیماریوں کے خلاف قوتِ مدافعت بھی رکھتی ہیں۔ تل کی بہتر پیداوار کیلئے کاشتکار اس کو 15جون سے 15 جولائی تک کاشت کریں۔ ترجمان نے کہا کہ کاشتکار تلوں کی کاشت منظور شدہ اقسام، کھادوں کی فی ایکڑ مقدار، علاقوں کی مناسبت سے منظور شدہ اقسام کا چناوٴ اور پیداواری ٹیکنالوجی سے متعلق رہنمائی حاصل کرنے کیلے متعلقہ محکمہ زراعت کے ماہرین سے رابطہ کریں اور محکمہ زراعت پنجاب کی زرعی ہیلپ لائن 0800-15000 اور 0800-29000پر صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک مفت کال کرسکتے ہیں۔