چوہدری مجید نے حلقہ کے لوگوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے . کرنل معروف

اتوار 14 جون 2015 14:35

اسلام گڑھ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 جون۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیر ٹاسک فورس کے چیئر مین کرنل ( ر)محمد معروف نے کہا ہے کہ پبلک سروس کمیشن ،مسٹ یونیورسٹی ،بلدیاتی الیکشن ،حلقہ کی چنگیاں ،وزیر اعظم کے حلقہ کی سڑکیں موجودہ حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔چوہدری مجید نے حلقہ کے لوگوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے ۔پلاک تک روڈ کی حالت وزیر اعظم کے منہ پر طمانچہ ہے ۔

میڈیکل کالج کا ڈرامہ رچا کر لوگوں کو بیوقوف بنایا جارہا ہے ۔بلدیاتی الیکشن کا نہ ہونا ریاست کے لوگوں کے ساتھ گھناؤنا مذاق ہے 4کلومیٹر کے اندر 5چونگیاں لگاکر لوگوں کو تنگ کیا جارہا ہے ۔اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ٹراغلہ لنک رود کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تقریب سے ممبر مجلس عاملہ ن لیگ سہیل سرفراز ایڈووکیٹ،محبوب اصغر ،مسلم لیگ ن حلقہ نمبر دو کے صدر چوہدری طالب حسین،صوفی یعقوب گجر اور راجہ خالد داد نے بھی خطاب کیا ۔

کرنل محمد معروف نے کہا کہ حلقہ میں اپوزیشن کا کردار ادا کررہا ہوں ۔ ن لیگ کے کارکنوں کا محافظ ہوں اور بھڑکیں مارنے سے کچھ نہیں ہوتا گراؤنڈ پر کام نظر آنا چاہیے ۔سہیل سرفراز نے کہا کہ وزیر اعظم نے حلقہ کے اندر کرپشن کو فروغ دیا پٹواری کو اختیارات جو وزیر اعظم نے دیئے ہوئے ہیں اس کی مذمت کرتے ہیں حکومت میں آکر کرپٹ لوگوں کا احتساب کریں گے صدر حلقہ نمبر 2ٹھیکیدار طالب حسین نے کہا کہ حلقہ کی ن لیگ مضبوط اور مستحکم ہے قیادت جس کو بھی ٹکٹ دے گی اس کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے ہونگے ۔جماعت کی مضبوطی کے لئے تمام کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔