سنوڈن کی فائلیں برطانوی جاسوسوں کی منتقلی کی وجہ بنیں  برطانوی حکومت

خطرہ تھا کہ چینی اور روسی حکام ایڈورڈ سنوڈن کی جانب سے افشا کی گئی ان دستاویزات کو پڑھ سکتے ہیں  رپورٹ امریکہ چھوڑنے سے قبل ایڈورڈ سنوڈن نے 17 لاکھ خفیہ دستاویزات ڈاوٴن لوڈ کی تھیں  غیر ملکی میڈیا

اتوار 14 جون 2015 13:35

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جون۔2015ء) برطانوی حکومت کے ذرائع نے بتایا ہے کہ امریکی ادارے این ایس اے کے سابق ملازم کی جانب سے افشا کی جانے والی دستاویزات کی وجہ سے برطانیہ کو اپنے جاسوسوں کو منتقل کرنا پڑا تھا۔ ”بی بی سی “ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ خطرہ تھا کہ چینی اور روسی حکام ایڈورڈ سنوڈن کی جانب سے افشا کی گئی ان دستاویزات کو پڑھ سکتے ہیں۔

برطانوی اخبار سنڈے ٹائمزکے مطابق روس اور چین ان کمپیوٹر فائلوں کی انکرپشن کا توڑ ڈھونڈنے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔حکومتی ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ کچھ ممالک کے پاس ایسی ’معلومات‘ تھیں جن سے برطانوی ایجنٹس یا جاسوسوں کا پتہ چل سکتا تھا اور اسی وجہ سے انھیں منتقل کیا گیا تاہم ذرائع نے کہا اس بات کا ’کوئی ثبوت نہیں ہے‘ کہ کسی بھی جاسوس کو کوئی نقصان پہنچا ہو۔

(جاری ہے)

برطانوی حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ روس اور چین نے جو معلومات حاصل کی ہیں اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ ہمارے طریقہ کار کے بارے میں جان گئے ہیں اور اس وجہ سے برطانیہ ’انتہائی ضروری معلومات‘ حاصل نہیں کر پا رہا۔آج کل روس میں مقیم 31 ایڈورڈ سنوڈن نے یہ خفیہ معلومات دو برس قبل عام کی تھیں۔این ایس اے کے سابق ملازم نے 2013 میں اس وقت امریکہ چھوڑ دیا تھا جب انھوں نے امریکہ کے خفیہ ادارے نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے راز افشا کیے تھے جن میں بتایا گیا تھا کہ ایجنسی بڑے پیمانے پر امریکہ اور دنیا کے مختلف ممالک میں فون اور انٹرنیٹ کے ذریعے لوگوں کی غیر قانونی نگرانی کرتی ہے۔

ان معلومات کے منظرِ عام پر آنے کے بعد امریکہ میں بحث شروع ہوگئی تھی کہ این ایس اے کی جانب سے سکیورٹی اور قومی سلامتی کے نام پر اپنے اختیارات سے تجاوز کرنا کس قدر جائز ہے۔ایڈورڈ سنوڈن امریکی حکومت کی طرف سے لوگوں کی نگرانی کرنے کے خفیہ پروگرام پرزم کی تفصیلات سامنے لانے کے الزام میں امریکی حکام کو مطلوب ہیں۔ایک اندازے کے مطابق امریکہ چھوڑنے سے قبل ایڈورڈ سنوڈن نے 17 لاکھ خفیہ دستاویزات ڈاوٴن لوڈ کی تھیں۔

امریکہ میں ایڈورڈ سنوڈن پر سرکاری مواد چرانے، بغیر اجازت دفاعی معلومات فراہم کرنے اور خفیہ معلومات دانستہ افشا کرنے کے الزامات ہیں۔حکومتی ذرائع نے بتایا کہ روس اور چین کا معلومات حاصل کرنے کا مطلب تھا کہ ہمارے کام کے بارے میں علم‘ نے برطانیہ کو ’اہم معلومات‘ تک رسائی حاصل کرنے سے روک دیا گیا۔برطانوی حکام کیلئے مسئلہ یہ تھا کہ ایجنٹس ناصرف اپنی جگہ تبدیل کر چکے تھے بلکہ اب وہ ان جگہوں پر رہ کر کام بھی نہیں کر رہے تھے۔

وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا کہ انٹیلی جنس حکام کو بھی اس بارے میں تنبیہ کی گئی تھی کہ وہ اس بات کا جائزہ لیں کہ ایڈورڈ سنوڈن کی جانب سے افشا کی گئی معلومات سے کیا خطرات لاحق ہوسکتے ہیں اور اس کے برطانوی عوام کے تحفظ پر کیا اثرات ہوں گے۔سنڈے ٹائمز کے مطابق مغربی انٹیلی جنس ایجنسیاں ایڈورڈ سنوڈن کی جانب سے افشا کی گئی معلومات کی رسائی روس کو حاصل ہونے کی بعد مخالف ممالک سے اپنے ایجنٹس واپس بلانے پر مجبور ہوگئی ہیں۔

اخبار کے مطابق سینئر حکومتی سرکاری ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ چین نے بھی انکرپٹڈ دستاویزات کو کریک کر لیا ہے جس سے کی مدد سے برطانوی اور امریکی جاسوسوں کی شناخت ممکن ہوجائیگی۔سنڈے ٹائمز نے بتایا کہ میری معلومات کسی برے کے ہاتھ نہیں لگیں انہوں نے کہاکہ ہمیں تحکمانہ انداز میں ڈاوٴننگ سٹریٹ ہوم آفس انٹیلی جنس سروسز کے لوگوں نے بتایا کہ روس اور چین کے پاس یہ تمام معلومات ہیں اور اس کے نتیجے میں ہمیں اپنے جاسوسوں کو واپس بلانا پڑ رہا ہے کیونکہ ان کی جان کو خطرہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق حکام ایڈورڈ سنوڈن کے معلومات حاصل کرنے پر برہم ہیں۔اخبار میں برطانوی انٹیلی جنس ایجنسی جی سی ایچ کیو کے سابق ڈائریکٹر سر ڈیوڈ اومنڈ کا بیان بھی سامنے آیا جس میں انھوں نے کیا ہے کہ روس اور چین کی معلومات تک رسائی ایک بہت بڑا سٹریٹیجک دھچکا ہے جو برطانیہ، امریکہ اور نیٹو اتحادیوں کونقصان پہنچا رہا ہے۔