فیفا ویمنز ورلڈ کپ، کولمبیا نے فرانس، برازیل نے سپین اور انگلینڈ نے میکسیکو کو ہرا دیا

اتوار 14 جون 2015 13:23

فیفا ویمنز ورلڈ کپ، کولمبیا نے فرانس، برازیل نے سپین اور انگلینڈ نے ..

مونٹریال۔ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جون۔2015ء) فیفا ویمنز ورلڈ کپ میں کولمبیا نے فرانس، برازیل نے سپین اور انگلینڈ نے میکسیکو کو شکست دے دی۔ جنوبی کوریا اور کوسٹاریکا کا میچ برابر رہا۔ تفصیلات کے مطابق خواتین فٹ بال ورلڈ کپ کے دلچسپ مقابلے کینیڈا کے مختلف شہروں میں جاری ہیں۔ گروپ ایف کے میچ میں کولمبیا نے فرانس کو 2-0 سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی۔

(جاری ہے)

گروپ اے کے میچ میں برازیل نے سپین کو سخت مقابلے کے بعد 1-0 سے ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ گروپ ایف کے میچ میں انگلینڈ نے میکسیکو کو کانٹے دار مقابلے کے بعد 2-1 سے مات دی، انگلش ٹیم کی یہ ایونٹ میں پہلی کامیابی ہے۔ جنوبی کوریا اور کوسٹاریکا کے مابین کھیلا گیا میچ 2-2 گول سے برابر رہا۔ گروپ ای میں برازیل کی ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ کوسٹاریکا کی ٹیم دوسرے نمبر پر ہے۔ گروپ ایف میں کولمبیا 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے۔