دھان کے کاشتکاروں کو سپرباسمتی کی پنیری 20جون تک کاشت کرنے کی ہدایت

اتوار 14 جون 2015 12:57

فیصل آباد ۔(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جون۔2015ء) دھان کے کاشتکاروں کو سپرباسمتی کی پنیری 20جون تک کاشت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور شرح بیج 500 سے 750گرام فی مرلہ استعمال کرنے کا بھی مشورہ دیاگیاہے ۔محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے کہاکہ کاشتکار زمین کو پانی دے کر وتر حالت میں لائیں اور پھر دوہراہل چلاکر سہاگہ بھی دیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ پنیری کاشت کرنے سے قبل دوہراہل چلاکر سہاگہ دیتے ہوئے تیار شدہ کھیت میں خشک بیج کا چھٹہ کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کاشتکاراس پر اروڑی ، توڑی ، پھک یا پرالی کی ایک انچ موٹی تہہ بکھیر دیں اور اسکے بعد ہلکا پانی لگا دیں۔ انہوں نے کہاکہ جس نکے سے پانی دیاجائے اس کے آگے سوکھی گھاس وغیرہ رکھ دینی چاہیے تاکہ پانی کا زور کم ہو جائے اور بیج بہنے نہ پائے ۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار چند دن بعد توڑی و پرالی کواٹھا دیں تاکہ پنیری پر سورج کی روشنی پڑ سکے۔ انہوں نے کہاکہ زنک اور بوران کی کمی دھان کے کھیتوں میں واضح نظر آتی ہے لہٰذا 33 فیصد والا 30 کلو گرام زنک سلفیٹ فی ایکڑ نرسری پر ڈالنے سے زنک کی کمی کو دور کیا جاسکتاہے۔