تل کی کاشت فوری شروع کرنے اور بہتر پیداوار کیلئے بھاری میرا زمین کے انتخاب کی ہدایت

اتوار 14 جون 2015 12:54

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جون۔2015ء) محکمہ زراعت نے تل کے کاشتکاروں کو فصل کی کاشت فوری شروع کرکے 15 جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ وہ فصل کی کاشت زیادہ بارش والے علاقوں میں مون سون شروع ہونے تک وٹوں پر کریں اور کاشت کیلئے درمیانی میرا سے بھاری میرا زمین جس میں پانی جذب کرنے اور نمی برقرار رکھنے کی صلاحیت ہو کا انتخاب کیا جائے ۔

ایک ملاقات کے دوران محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے کہا کہ تل کی فصل ایک انتہائی اہم اور نقد آور فصل ہے جس کی کاشت سے متعلقہ کاشتکار بھاری مالی منافع حاصل کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ تل کی کاشت سے پہلے 2سے 3 مرتبہ ہل چلا کر پہلے زمین کو نرم اور بعد میں سہاگہ دیکر زمین کو اچھی طرح تیار کرلینا چاہئے کیونکہ جب تک زمین اچھی طرح تیار نہیں ہو گی اس وقت تک بیج کا مناسب اگاؤ بھی ممکن نہ ہو گا جس سے مطلوبہ پیداوار کے حصول میں بھی مشکلات کا سامناکرنا پڑ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کاشتکار اچھا اگاؤ دینے والی زمین میں تندرست اور صاف ستھرا بیج ڈرل سے قطاروں میں کاشت کرنے کیلئے ڈیڑھ سے 2کلوگرام فی ایکڑ استعمال کریں ۔ انہوں نے جڑ ، تنے کی سڑاند اور اکھیڑا کی بیماری سے بچانے کیلئے کاشت سے قبل بیج کو پھپھوندی کش زہر بحساب 2گرام فی کلو گرام لگاکر کاشت کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار تل کی منظور شدہ اقسام ٹی ایچ 6 ، ٹی ایس 5، ٹی ایس 3کاشت کرسکتے ہیں کیونکہ سفید تل کی یہ منظورشدہ اقسام بہترین پیداوار ی صلاحیت کی حامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :