بھارت نے خطے کے امن کو برباد کررکھا ہے ‘سردار ندیم آزاد

ایران اور افغانستان کے علاوہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی میں بھی بھارت ہی ملوث ہے سلامتی کونسل میں بھارت کو مستقل نشست دینا دنیا کے امن پر بربادی کی مہر ثبت کردینے کے مترادف ہوگا

اتوار 14 جون 2015 12:13

الدمام (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جون۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے رہنما سردار ندیم آزاد خان نے پاکستان کیخلاف بھارتی ہرزہ سرائی اور پاکستان پر حملے کی بھارتی دھمکی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے خطے کے امن کو برباد کررکھا ہے اور کشمیر کے علاوہ سری لنکا ‘ نیپال اور اب میانمار میں ظلم و ستم ‘ انسانی قتل و غارت اور دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی تاریخ رقم کرچکا ہے جبکہ ایران اور افغانستان کے علاوہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی میں بھی بھارت ہی ملوث ہے اسلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارت کو مستقل نشست دینا دنیا کے امن پر بربادی کی مہر ثبت کردینے کے مترادف ہوگا ، اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایٹمی مملکت پاکستان پر حملے کی دھمکی کا مطلب دنیا کے امن کو دانستہ خطرے میں ڈالنا ہے جس کا اقوام متحدہ کو نوٹس لینا چاہئے کیونکہ پاکستان نے ایٹم بم شب برات ‘ ہولی یا دیوالی پر آتشبازی کیلئے نہیں بنایا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کیخلاف کسی بھی جارحیت کے ارتکاب سے قبل بھارت کو1965ء کی شکست اور کارگل و سیاچن کی ہزیمت بھی یادرکھنی چاہئے 1971ء میں اس کی سازش کسی کی ہوس اقتدار کی وجہ سے کامیاب ضرور ہوگئی تھی مگر اب 1971ء نہیں بلکہ2015ء ہے اور میانمار میں بھی بھارت صرف اسلئے اپنی سازشوں کو عملی جامع پہنا سکا ہے کہ مسلم امُہ متحدو یکجا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ بھی یاد رکھنا چاہئے کہ افواج پاکستان کا ہر سپاہی جری ‘ نڈر اور وطن کی حرمت و آبرو پر مرمٹنے والا ہے اور قربانی کا جذبہ رکھنے والے محافظوں کے وطن پر حملہ بھارت کو کتنا مہنگا پڑسکتا ہے اس کا اندازہ اسے تب ہوگا جب نقشہٴ ارض سے اس کا وجود مٹ جائے گا ۔